Home قومی خبریں عام آدمی پارٹی 2022 میں یوپی اسمبلی انتخابات میں قسمت آزمائی کرے گی،کیجریوال کا اعلان

عام آدمی پارٹی 2022 میں یوپی اسمبلی انتخابات میں قسمت آزمائی کرے گی،کیجریوال کا اعلان

by قندیل

نئی دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اترپردیش میں 2022 کے اسمبلی انتخابات لڑے گی۔ یہ عام آدمی پارٹی کا ایک بڑا قدم ہوگا کیوں کہ عام آدمی پارٹی اترپردیش جیسی بڑی ریاست کے اسمبلی انتخابات میںپہلی بار قسمت آزمائی کرے گی۔ کیجریوال نے منگل کے روز کہا کہ آپ نے دہلی میں گزشتہ آٹھ سالوں میں تین بار حکومت بنائی ہے۔ پارٹی پنجاب میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت بن کر ابھری ہے۔ لیکن آج میں ایک اہم اعلان کرنے جا رہا ہوں۔ ہماری پارٹی 2022میں اترپردیش کے اسمبلی کے انتخابات میں قسمت آزمائی کرے گی۔ کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں یوپی کے بہت سے بھائی اور بہن رہتے ہیں ۔ آپ کی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی یوپی کے بہت سارے لوگ اور تنظیمیں میرے پاس آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کو یوپی میں الیکشن لڑنا چاہئے۔ دہلی میں دی جانے والی سہولیات یوپی میں رہنے والے خاندانوں کو بھی مہیا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے بتایا کہ یوپی کے لوگ ان پرانی پارٹیوں سے پریشان ہیں اور لوگ خود آگے آئیں گے اور یوپی کو اپنی ملکیت سمجھنے والی جماعتوں کو شکست دیں گے۔کیجریوال نے کہا کہ اتر پردیش کو گندی سیاست اور بدعنوان رہنماؤں کو ترقی سے دور رکھا گیا ہے، اس لئے دہلی میں لوگ جو سہولیات حاصل کررہے ہیں وہ ابھی تک یوپی میں نہیں مل پائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب دہلی کے عوام کو 24 گھنٹے مفت بجلی مل سکتی ہے، محلہ کلینک کھل سکتا ہے اور دہلی کے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر ہوسکتی ہے، تو یوپی میں یہ سب کیوں نہیں ہوسکتا؟کجریوال نے کہا کہ یوپی میں ہر حکومت نے گزشتہ حکومت کے کرپشن کے ریکارڈ کو توڑ اہے اور اترپردیش کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے سے ریاست کی گندی اور بدعنوان قائدین نے روکا ہے۔

You may also like

Leave a Comment