نتیش کے وزیر کااعتراف، بہار میں بدعنوانی کابول بالا

پٹنہ:نتیش کمار حکومت میں وزیر محکمہ محصول رام سندر رائے نے اپنی ہی حکومت پرسوال کھڑاکردیاہے اوردعویٰ کیاہے کہ بہارمیں بدعنوانی کی جڑیں گہری ہیں۔بی جے پی کوٹے کے وزیر رام سندر رائے نے محکمہ اراضی اور محصولات میں ہونے والی بدعنوانی کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ بہار میں بدعنوانی کا چلن کہنے میں ان کو کوئی جھجھک نہیں ہے۔رام سندر رائے مظفرپور میں تھے ، جہاں انہوں نے منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران اپنی حکومت کی پول کھولی۔ رام سندر رائے نے اعتراف کیاہے کہ بہار میں خاص طور پر ان کے محکمہ اراضی اور محصولات میں بدعنوانی پھیلی ہوئی ہے۔ رام سندر رائے نے کہاہے کہ پورے بہار میں بدعنوانی پھیلی ہوئی ہے اور میں یہ کھلے الفاظ میں کہہ رہا ہوں۔ نچلی سطح پر کام کرنے والے ملازمین بھی غلط کام کرتے ہیں۔ جن لوگوں کو واقعتاپریشانی ہوتی ہے وہ اپنا کام نہیں کروا سکتے ہیں۔رام سندررائے نے کہاہے کہ جب انہوں نے محکمہ لینڈ اینڈ ریونیو کا جائزہ اجلاس لیا۔ اسی دوران ، انھیں یہ اطلاع ملی کہ ان کے محکمہ میں بدعنوانی کی بنیاد بہت گہری ہے۔ رام سندر رائے نے بتایاہے کہ ان کے محکمہ میں 6000 سے زیادہ ملازمین کی کمی ہے۔رام سندر رائے نے کہاہے کہ محکمہ لینڈ اینڈ ریونیو کی جائزہ میٹنگ کے دوران انہوں نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ اپنے محکمہ میں موجود خامیوں کا معاملہ اٹھایا جس کے بعد نتیش کمارنے یہ بھی تسلیم کیاہے کہ زمین کے تنازعہ کی وجہ سے بہارمیں جرائم بڑھ رہے ہیں۔