اے خداے لم یزل اے لا یزال
جملہ مخلوقات کا داناے حال
تو قدیر و قادر مطلق ہے تو
خالق ارض و سما بر حق ہےتو
یہ جہاں افسانہ، تو موجود ہے
خلق کا تو منزل مقصود ہے
ماہ و خورشید و نجوم و کہکشاں
سب ترے احکام پر گردش کناں
آب و خاک و باد و آتش اے حکیم
تیری حکمت کے ہیں الطاف عمیم
دانش و علم و ہنر، فکر و خیال
تیرے انعامات کی عمدہ مثال
دولت ایمان و انوار عمل
تیرے احسانات ہیں اے عز و جل
عشق رب، اخلاص یا باطن کا نور
تیرے فیض خاص سے سب کا ظہور
کر مجھے اپنی عطا سے سر فراز
بندۂ عاصی کو کردے پاک باز
میرے دل میں حرص دنیاے دنی
کردے میرے دل کو یا رب تو غنی
دل مرا بغض و حسد سے ہے بھرا
میں سراپا نخوت و کبر و ریا
پاک کر یا رب مجھے ہر عیب سے
کردے سامان شفا تو غیب سے
میرے روزے یا نمازیں نا تمام
ہر تلاوت ہر عبادت خام خام
مجھ کو طاعت کا شعور و ذوق دے
دل میں حب مصطفے کا شوق دے
بخش دے یا رب مرے جرم و خطا
ہے ترا ساجد الہی بے نوا
Category:
حمد
فریدہ انجم، پٹنہ سٹی
تو بہت مہربان ہے یارب
تیری اونچی ہی شان ہے یارب
تو نے بخشی ہے خاک کو عزت
اپنی یہ داستان ہے یارب
سخت گرمی میں، ذکر یہ تیرا
سر پہ جو سائبان ہے یارب
تو ہی تو سرخرو کرے، مجھ کو
زندگی امتحان ہے یارب
تو ہی کرتا ہے رہبری تب ہی
بھٹکے جب کاروان ہے یارب
تو ہی مالک ہے تو ہی خالق ہے
تو ہی دلبر، پران ہے یارب
تیری شایاں ہو حمد کیا مجھ سے
انجم عاجز بیان ہے یارب