رواں ماہ ایل پی جی سلنڈرکی قیمت میں دوسری باراضافہ 

 

نئی دہلی :آئل کمپنیوں نے ایل پی جی سلنڈروں کی قیمت میں اضافہ کیا ہے۔ 14.2 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح 5 کلوگرام چھوٹے سلنڈر کی قیمت میں بھی 18 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔19 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں 36.50 روپے کااضافہ کیا گیا ہے۔ آئل کمپنیاں ہر ماہ ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہیں۔ اس ماہ 1 دسمبر کو ایک بار قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ پھر تجارتی گیس سلنڈروں کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔ ٹیکس ہر ریاست میں مختلف ہوتا ہے اور ایل پی جی کی قیمتیں اس کے مطابق مختلف ہوتی ہیں۔انڈین آئل کی ویب سائٹ سے موصولہ معلومات کے مطابق دہلی میں 14.2 کلوگرام غیر سبسڈی والاایل پی جی سلنڈر اب 644 روپے ہوگیا ہے۔ اس کی قیمت کولکاتہ میں 670.50 روپے ، ممبئی میں 644 روپے اور چنئی میں 660 روپے ہے۔ یکم دسمبر کو ہوئے جائزے کے مطابق ان شہروں میں سلنڈروں کی قیمت بالترتیب 594 ، 620.50 ، 594 اور 610 روپے تھی۔19 کلوگرام کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں یہ 1296 روپے ہوگئی ہے۔ کولکاتہ اورممبئی میں یہ 55 روپے اضافے سے 1351.50 اور 1244 روپے ہوگئی ہے۔ چنئی میں یہ 56 روپے اضافے سے 1410.50 روپے ہوگئی ہے۔رواں ماہ یکم دسمبر کو تجارتی گیس سلنڈروں کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا۔اہم بات یہ ہے کہ منگل کے روز ملک میں لگاتار آٹھویں دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ دہلی میں منگل کو پٹرول 83.71 روپے اور ڈیزل 73.87 روپے فی لیٹر پر رہا۔