ٹاپ 10 گیند بازوں اور آل راؤنڈرز میں ایک بھی ہندوستانی کھلاڑی نہیں
دبئی: ICC نے T20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے عین قبل مردوں کی T20 انٹرنیشنل رینکنگ جاری کر دی ہے۔ وراٹ کوہلی بیٹنگ رینکنگ میں 4 مقام کے نقصان کے ساتھ 8ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ نیز ٹیم انڈیا کا ایک بھی کھلاڑی ٹاپ 10 گیند بازوں اور آل راؤنڈرز میں شامل نہیں ہے۔ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز کے ایل راہل نے بلے بازی کی درجہ بندی میں 3 مقام کی بہتری کی ہے۔ وہ اب پانچویں نمبر پر ہیں۔ کے ایل راہل کو ورلڈ کپ کے آخری تین میچوں میں 3 نصف سنچریاں بنانے کا فائدہ ملا۔ وہ ورلڈ کپ کے 5 میچوں میں 194 رنز بنا کر ٹیم انڈیا کے نمایاںاسکورر رہے۔بیٹنگ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم پہلے اور انگلش کھلاڑی ڈیوڈ ملان دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ایڈن مارکرم تین مقام کی بہتری کے ساتھ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی بدستور سرفہرست ہیں۔ بنگلہ دیش کے شکیب الاحسن دوسرے اور ونیندو ہسرنگا تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹیم انڈیا کا کوئی کھلاڑی ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے۔سری لنکن گیندباز وینندو ہسرنگا نے ٹی ٹوئنٹی گیندبازی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ان کے بعد جنوبی افریقہ کے تبریز، انگلینڈ کے عادل اور افغانستان کے راشد خان نے بھی اپنی اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ آسٹریلیا کے تیز گیندباز ہیزل ووڈ 11 مقام کی چھلانگ لگا کر 8ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔