Zoom ویڈیو میٹنگ پلیٹ فارم کے بانی نے ایک تہائی دولت عطیہ کردی

لندن:وڈیو میٹنگ پلیٹ فارم سے متعلق مشہور کمپنی Zoom کے چیف ایگزیکٹو ایرک یوان نے اپنا ایک تہائی سے زیادہ حصہ عطیہ کر دیا ہے۔ کمپنی کے بیان کے مطابق ایرک نے گذشتہ ہفتے تقریبا 1.8 کروڑ شیئرز عطیہ کر دیے۔ جمعہ کے روز کاروبار بند ہوتے وقت کی قیمت کی بنیاد پر ان شیئرز کی قیمت تقریبا 6 ارب ڈالر بنتی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ برس Zoom پلیٹ فارم کی مانگ میں اضافے کے سبب اس کے شیئر کی قیمت 400% کے قریب بڑھ گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں ایرک دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے تھے۔ ایرک 15.1 ارب ڈالر کی خالص دولت کے ساتھ فہرست میں 130 ویں پوزیشن پر آ گئے تھے۔ ایرک یوان چین میں پیدا ہوئے۔ سیلیکون ویلی منتقل ہونے سے قبل امریکہ کا ویزا حاصل کرنے کے لیے ان کی درخواست 8 مرتبہ مسترد ہوئی۔ایرک ماضی میں وڈیو کانفرنسنگ کے خصوصی گروپ کے لیے کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2011میں Zoom کمپنی قائم کی تھی۔