Home تجزیہ زیرزمین بھی قیادت کیجیے-توصیف القاسمی

زیرزمین بھی قیادت کیجیے-توصیف القاسمی

by قندیل

 

رعنا ایوب نے تقریباً آٹھ ماہ انڈر کور (پوشیدہ ہوجانا)رہ کر گجرات فسادات کے تمام مرکزی کرداروں سے راز اُگلوالئے۔ رعنا ایوب کی کوششوں ہی سے موجودہ وزیر داخلہ امت شاہ 2010میں جیل گئے تھے، اس کا مطلب یہ ہواکہ خفیہ طور سے کیا ہوا کام انتہائی طاقت ور اور تیربہدف ہوتاہے۔ (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو رعنا ایوب کی کتاب ’’گجرات فائلس ‘‘)
بھارتی مسلمانوں کے مستقبل کے بارے میں فکرمند کچھ حضرات کو چاہیے کہ اپنے آپ کو مکمل طورپر Undercover کرلیں اور ملک کے ”جنونی ہندوئوں“ سے لوہا لینے اور مسلمانوں کی ”اندرونی تنظیم“ کیلٸے 5کاموں پر توجہ دیں۔وہ پانچ کام آگے آتے ہیں
خفیہ رہنے کامطلب:۔ خفیہ رہنے کا مطلب خاموش رہنا نہیں ہے، بلکہ منتخب پانچ کاموں کے لیے پہلے زیر زمیں خاموش تدبیر، پھر افراد، پھر تحریک اور پھر انقلاب لانا ہے۔ یعنی بھڑک کر راکھ نہیں ہونا،بلکہ سلگتے رہنا۔یہ سچ ہے کہ ہمارے پاس سب کچھ ہے، مگر مختلف میدانوں کے نہ تو رجال کار Excited young ہیں اور نہ ہی تدابیر ،جبکہ ہی دوچیزیں انقلاب وتحریک کیلٸے ضروری ہیں۔ قابل توجہ پانچ کام یہ ہیں:
1۔ اسلام کے ”نظریۂ توحید“ Monotheismکا گہرا مطالعہ کریں، منکرین ، ملحدین Atheist، مشرکین Polytheistکے کیا اعتراض ہیں، ان کو سمجھ کر مدلل اور مثبت انداز میں جواب دیاجائے، ہمارے یہ جوابات ہندی، انگلش وغیرہ زبانوں میں ہونے چاہئیں۔ ہم اچھی طرح سمجھ لیں کہ جو دلت لیڈر ’’منوواد ‘‘ اور "R.S.S”کے خلاف میدانِ عمل میں اترے ہوٸے ہیں، وہ صاف کہتے ہیں کہ ہم تو ملحد Atheistہیں، اس کامطلب یہ ہواکہ وہ اپنے آبائی دین سے بیزار ہوچکے ہیں، ہم اہل ایمان تھوڑی سی کوشش سے ان کو خدائے واحد کا قائل کرسکتے ہیں۔ بعض داعی حضرات کہتے ہیں کہ ملحد ’’لااِلہ ‘‘ تک آچکا ہوتاہے، اگر ہم اہل ایمان اسلام کے ’’نظریہ توحید ‘‘ کو محبت بھرے اور مثبت انداز میں ان کے سامنے رکھ دیں تو وہ ضرور ’’الااللہ ‘‘ تک آجائےگا، اس سلسلے میں مندرجہ ذیل علماء کرام کا ”مواد“ ہماری کافی مدد کرسکتا ہے:
مولانا وحیدالدین خان کی 4کتابیں:
1۔ مذہب اور جدید چیلنج (اردو) الاسلام یتحدّی(عربی)God Arises (انگلش)
2۔ عقلیاتِ اسلام
3۔ اسلام دورِ جدید کا خالق
4۔ مذہب اور سائنس۔
ڈاکٹر ذاکر نائک کا ’’نظریۂ توحید ‘‘ سے متعلق بہت ہی شاندار مواد انٹرنیٹ پر موجود ہے اور الحمداللہ سوال وجواب کے اندازمیں ہے جو کہ انتہائی مفید ہے۔ڈاکٹر اسرار مرحوم نے بھی نظریہ توحید پر انتہائی شاندار کام کیا ہے ۔
اسی طرح پاکستان کے انجینئر محمد علی مرزا کی انتہائی شاندار ویڈیوز اسلام کے بارے میں انٹرنیٹ پر موجود ہیں جوکہ نئے ذہن کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔ جاوید احمد غامدی صاحب کا لٹریچر بھی الحاد کا انتہائی طاقت ور تعاقب کررہاہے۔ اس سے بھی فائدہ اُٹھایاجانا چاہٸے ۔
2۔ دلتوں ، سکھوں اور عیسائیوں سے سیکولرزم اور آئین ہند کی حفاظت کے لیے رابطے بڑھائے جائیں، یہ ملاقاتیں ہرگز فون یا اسٹیج پر نہ ہو بلکہ یہ ”ملاقات“ زمینی سطح پر سلسلہ وار اور لگاتار ہوں۔
3۔ قومی سطح پر ’’ایک پارٹی ایک لیڈر ‘‘کے لیے مسلمانوں کی ذہن سازی کی جائے، میرے خیال میں اسدالدین اویسی اور ان کی پارٹی مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) ہماری اُس ضرورت کو بہترین انداز میں پورا کررہی ہے۔ ضرورت ہے کہ ’’مجلس ‘‘ کو کھلم کھلا سپورٹ کیا جائے یعنی مسلم ووٹ صرف مجلس کو، ہار ہو یا جیت!! خیال رہے کہ متحد ہوکر ہار جانا منتشر ہوکر جیت جانے سے کہیں زیادہ فائدہ مند ہے۔
4۔ خفیہ رہ کر مختلف میدانوں سے متعلق رجال کار تلاش کیے جائیں، ان سے رابطے بڑھائے جائیں،اُن کو ملت کے مسائل سے واقف کرایا جائے، نوجوان علماء کرام اور یونیورسٹی کے طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے۔مسٹر وملا کی تقسيم امت کیلٸے بے انتہا نقصان دہ ثابت ہورہی ہے
5۔ اسلام اور مسلمانوں سے متعلق پھیلی ہوئی علط فہمیوں کو متعین اور نشان زد کرکے ان کو عقل و نقل اور تاریخ و اعداد کی بنیاد پر سلسلہ وار ختم کیاجائے، مختلف زبانوں میں ’’ازالۂ غلط فہمی ‘‘ کیاجائے بالخصوص ویڈیوز بناکر شوشیل میڈیا پر ڈالی جائیں۔

(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ قندیل کاان سےاتفاق ضروری نہیں ہے)

You may also like

Leave a Comment