زرعی قوانین:راہل،شردپوار سمیت 5 لیڈران کل صدرجمہوریہ سے ملاقات کریں گے

نئی دہلی:مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کی مخالفت کے درمیان حزب اختلاف کا وفدصدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کرے گا۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ، این سی پی کے سربراہ شرد پوار ، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری سمیت پانچ لیڈر بدھ کو شام 5 بجے صدررام ناتھ کووندسے ملاقات کریں گے۔ کوویڈ 19 پروٹوکول کی وجہ سے صرف 5 رہنماؤں کو ہی صدر سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔سیتارام یچوری نے صدر کووند کی اس ملاقات کے بارے میں اپوزیشن رہنماؤں کو معلومات دی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ میٹنگ زرعی قوانین کے معاملے پرہوسکتی ہے۔کسان پچھلے 13 دن سے دہلی بارڈرپرڈیرے ڈال رہے ہیں۔ وہ حکومت سے زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی کل ، کسانوں اور حکومت کے مابین بات چیت کا چھٹا دور بھی ہے ، جو بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔ اب تک فریقین کے مابین پانچ دورکی بات چیت ہوچکی ہے ، جوبے نتیجہ رہے ہیں۔کل کی بات چیت سے قبل کسان رہنماؤں اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی بھی آج ایک میٹنگ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم اب بھی اپنے مطالبات پر قائم ہیں اور انہی امور پر وزیر داخلہ سے بات کریں گے۔ کسان رہنما راکیش ٹکیت نے امیدظاہرکی ہے کہ وزیر داخلہ سے ہونے والی ملاقات سے کچھ مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔