زرعی قانون واپس نہیں ہونے پر ملک گیر تحریک چلائی جائے گی،ممتا بنرجی کا مرکز کوالٹی میٹم

کولکاتہ:مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے کسان مخالف نئے قانون کو واپس نہیں لیا تو وہ ملک گیر احتجاج شروع کریں گی۔ ترنمول کانگریس کی صدر نے مرکز میں نریندر مودی کی حکومت پر حملہ کیا،جس کے بارے میں متعدد ٹویٹس انہوں نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں کسانوں،ان کی زندگیوں اور ان کے ذریعہ معاش سے متعلق بہت فکرمند ہوں۔ حکومت ہند کو کسان مخالف قانون کو واپس لینا چاہیے۔ اگر وہ فورا ایسا نہیں کرتی تو ہم ریاست اور ملک گیراحتجاج کریں گے۔ شروع سے ہی ہم ان کسان مخالف بلوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہند سب کچھ بیچ رہی ہے۔ آپ ریلوے، ایئر انڈیا، کوئلہ، بی ایس این ایل، بی ایچ ای ایل، بینک وغیرہ فروخت نہیں کرسکتے ہیں۔ غلط ارادے کے ذریعہ لائی گئی غیر منقولہ وسائل کی نجکاری کی پالیسی کو واپس لیں۔ ہم اپنے ملک کے خزانے کو بی جے پی کی ذاتی ملکیت نہیں ہونے دیں گے۔