Home غزل زمیں سے پھول فلک سے ستارہ غائب ہےـ دلاور علی آزر

زمیں سے پھول فلک سے ستارہ غائب ہےـ دلاور علی آزر

by قندیل

 

زمیں سے پھول فلک سے ستارہ غائب ہے

نمو پزیر ہیں نظریں نظارہ غائب ہے

 

بنا رہا ہے خدا جانے کوزہ گر کیا چیز

گُھما رہا ہے فقط چاک گارا غائب ہے

 

بھٹک رہے ہیں مسافر گھنے سمندر میں

چٹک رہے ہیں بدن اور کنارہ غائب ہے

 

ہمیں ملا نہیں ناظر کوئی ٹھکانے کا

ہمیں کہا گیا حاضر تمھارا غائب ہے

 

ہمارے اشک کہیں رایگاں نہ ہو گئے ہوں

کتابِ غم سے حوالا ہمارا غائب ہے

 

کہیں کہیں کوئی موجودگی ہے منظر میں

کبھی کبھی تو یہ لگتا ہے سارا غائب ہے

 

سخن میں گُم ہیں زمانے کی ساری تشبیہات

علامتوں میں کہیں استعارہ غائب ہے

 

دلوں پہ اُس کا اثر ہو بھی کس طرح آزر

وہ شعر جس سے محبت کی دھارا غائب ہے

You may also like

Leave a Comment