یوگی کابینہ میں ابھی توسیع نہیں ، یوپی میں تنظیم کو مضبوط بنانے پر دہلی میں ہوئی بحث : بی جے پی ذرائع

نئی دہلی : اگلے سال اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں قومی دارالحکومت دہلی میں سینئر رہنماؤں کی ایک میٹنگ ہوئی۔ ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ بی جے پی کے ایک ذرائع کے مطابق اترپردیش میں بی جے پی تنظیم کو مضبوط بنانے پر دہلی میں بحث ہوئی۔ یوپی بی جے پی کے صدر سوتنترا دیو سنگھ اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش نے بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی۔بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں اترپردیش بی جے پی میں یووا مورچہ اور مہیلا مورچہ کے عہدوں کو پُر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمیشن میں خالی آسامیوں اور دیگر آسامیوں کو بھی پُر کیا جائے گا۔ پسماندہ طبقات کمیشن اور ایس سی / ایس ٹی کمیشن میں تقرری کی گئی ہے۔ ضلع پنچایت انتخابات ختم ہونے کے بعد تنظیم میں توسیع ہوگی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ابھی یوگی کابینہ میں توسیع نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم کے معتمد اے کے شرما کو حکومت یا تنظیم میں کوئی عہدہ دینے کے لئے ابھی تک کوئی تجویز نہیں ہے۔ مرکز میں مودی کابینہ کی توسیع میں یوپی کے کسی دلت رکن پارلیمنٹ کو وزیر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یوپی میں جاٹ لیڈرکو اہم ذمہ داری دینے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔