یوگیندر یادوکاچیلنج،پولیس میراایک بھی متنازعہ جملہ دکھادے

نئی دہلی:دہلی پولیس کے ذریعہ دہلی فسادات سے متعلق دائر ضمنی چارج شیٹ میں پولیس نے سوراج انڈیا کے لیڈریوگیندر یادوپربھی الزام عائد کیا ہے۔ دہلی فسادات کا ملزم بنانے کے بارے میں آج تک سے بات کرتے ہوئے یوگیندر یادونے کہاہے کہ دہلی پولیس نے میرا نام شامل کیا ہے،یہ محض ایک لطیفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشانت سنگھ راجپوت اور کنگنا رناوت کی کہانی سے لوگوں کا ذہن اب تھک گیا ہے اس لیے نیا تنازعہ کھڑا کیا جارہا ہے۔ میری ساری تقریریںیوٹیوب اور فیس بک پردستیاب ہیں۔سوراج انڈیا کے لیڈر نے کہا کہ میں دہلی پولیس کو دعوت دیتا ہوں کہ براہ کرم فیس بک پیج پر جائیں اور ان تقریروںکو دیکھیں۔ میری تقریریں آج بھی عام ہیں۔ آپ ان سے ایک جملہ بتائیں جس میں میں تشددکی بات کر رہا ہوں۔انہوں نے بتایاہے کہ 24 فروری کو جب خواتین جعفرآباد آئیں اور راستہ روک رہی تھیں تو وہ دوسرے ساتھیوں کے ساتھ وہاں گئے اور انھیں وہاں سے جانے کی درخواست کی۔