Home قومی خبریں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے آرٹس اینڈ سائنس کالج فار ویمن سرینگر اور اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کا مشترکہ سہ روزہ تربیتی ورکشاپ

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے آرٹس اینڈ سائنس کالج فار ویمن سرینگر اور اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کا مشترکہ سہ روزہ تربیتی ورکشاپ

by قندیل

 

ہمیں علوم کے درمیان تفریق کے بجائے علم میں وحدت پیدا کرنی چاہئے، اور اس کے نفع بخش پہلو کو زیادہ سے زیادہ اجاگرکرنا چاہئے، اس لئے کہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے ہی علوم کے اشاعت و ترویج کی حوصلہ افزائی فرمائی ہے جو انسانیت کے لئے نفع بخش ہو، ان خیالات کا اظہار پروفیسر جاسر عودہ (کناڈا) نے اس سہ روزہ تربیتی ورکشاپ میں آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معروف عالم دین مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے خصوصی خطاب میں فرمایا کہ اسلام ہر نافع علم کی عزت افزائی کرتا ہے، امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی نسلوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کریں اور ان کے اندر مروجہ تمام اعلیٰ تعلیم کے حصول کا جذبہ پیدا کریں، مولانا رحمانی اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ ورکشاپ علم و تحقیق کے میدان میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ کلیدی خطاب میں اسلامی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی کشمیر کے پروفیسر حمید اللہ مرازی نے کہا کہ ہم علم کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے، جس کا ذمہ دار ہم خود ہیں، مدارس اور یونیورسٹیوں کو مشترکہ طور پر علم کے فروع و ترویج میں اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ ورکشاپ میں مختلف یونیورسٹیز کے ۱۶؍ پروفیسرس اور اساتذہ کرام نے عصری، تعلیمی، اقتصادی اور سماجی موضوعات پر لکچرس دیئے، مولانا احمد سعید، پروفیسر حمید اللہ مرازی، ڈاکٹر ظہور احمد گیلانی، شعبہ لسانیات، سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے ڈین پروفیسر محمد غیاث الدین اور مولانا عدنان ندوی نے مختلف نشستوں کی صدارت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مانو سرینگر کے پرنسپل اور پروگرام کے کنوینر پروفیسر غضنفر علی خان نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کیا اور شرکاء و مہمانوں کا استقبال کیا، اس پروگرام کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر سراج الدین قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء میں مانو کالج کے علاوہ مختلف یونیورسٹیز کے ریسرچ اسکالرس، اساتذہ نے شرکت کی، اہم شرکاء میں مفتی محمد سلطان قاسمی، ڈاکٹر غلام نبی گنائی، ڈاکٹر ظہور احمد وانی، ڈاکٹر عبد الرشید بٹ، ڈاکٹر نسیم اختر، ڈاکٹر اعجاز عبد اللہ، ڈاکٹر علی محمد بٹ، محترمہ شبنم شمشاد، ڈاکٹر سیار احمد میر، ڈاکٹر محمد مکرم، ڈاکٹر لنگ راج ملک وغیرہ تھے۔

 

You may also like

Leave a Comment