ویمنس کالج،اے ایم یو میں طالبات کے لیے سوئمنگ پول کا افتتاح

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے ویمنس کالج میں آج وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے سوئمنگ پول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے کہاکہ طالبات کو بہتر سہولیات مہیا کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تیراکی صحت کے لیے ایک عمدہ ورزش ہے اور طالبات کو نئے سوئمنگ پول کا پورا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ وائس چانسلر نے سوئمنگ پول کا جائزہ بھی لیا۔بیگم وائس چانسلر ڈاکٹر حمیدہ طارق نے کہاکہ اس سوئمنگ پول کے ذریعہ طالبات اپنے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرسکتی ہیں اور وہ مقامی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرکے اولمپک تک کا سفر طے کرسکتی ہیں۔ پرنسپل ویمنس کالج پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہاکہ ہمارے بانیان شیخ محمد عبداللہ اور وحید جہاں بیگم عرف اعلیٰ بی نے اب سے سو سال پہلے یہ خواب دیکھا تھا کہ اس ادارے کی طالبات تیراکی جیسے کھیل میں شریک ہوں۔ وہ چاہتے تھے کہ کالج میں لڑکیوں کے لئے ایک سوئمنگ پول تعمیر کیا جائے۔ اللہ کا شکر ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے تعاون سے بانیان کالج کا یہ خواب آج شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔ پرووسٹ عبداللہ ہال پروفیسر غزالہ ناہید نے کہا کہ طالبات دستیاب سہولیات کا پورا فائدہ اٹھانے کی سعی کریں۔ پرووائس چانسلر پروفیسر ظہیرالدین نے بھی ویمنس کالج میں سوئمنگ پول کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کیا۔ پروفیسر ایس امجد علی رضوی نے طالبات کے لیے شاندار سوئمنگ پول کی تعمیر کے لیے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ بہتر سہولیات مہیا ہونے سے طالبات اچھے نتائج پیش کریں گی۔ سوئمنگ پول کے افتتاح کے موقع پر پروفیسر نکہت تاج، پروفیسر نیلم فرزانہ، پروفیسر رومانہ صدیقی، پروفیسر ریشما، پروفیسر میجر فرید مہدی ( ممبر انچارج، بلڈنگ ڈپارٹمنٹ)، پروفیسر قاضی محمدجمشید، پروفیسر احسان اللہ فہد، اسسٹنٹ ڈائرکٹر فزیکل ایجوکیشن نازیہ خان، یونیورسٹی انجینئر ڈاکٹر راجیو کمار شرما وغیرہ موجود رہے۔