وزیرداخلہ کا دورۂ بنگال:دس ممبران اسمبلی نے زعفرانی خیمے میں لی پناہ،امت شاہ کا سونار بنگلہ بنانے کا وعدہ

کولکاتہ:دو روزہ دورۂ بنگال کے تحت امت شاہ ہفتے کے روز مدنا پور پہنچے۔ یہاں اپنی ریلی کے دوران ، سابق وزیر شوبھندو ادھیکاری،جوترنمول کانگریس سے ترک تعلق کرچکے تھے، اور ممتا کے خصوصی تھے ، نے زعفرانی خیمہ میں پناہ لے لی ہے ۔ ممبر پارلیمنٹ سنیل منڈل ، سابق ممبر پارلیمنٹ د شرتھ ٹرکی اوردیگر 10ممبرانِ اسمبلی نے بھی زعفرانی خیمہ میں پناہ لے لی ہے۔ ان میں سے 5 ممبران اسمبلی ترنمول کانگریس سے ہیں۔ اس پرطنز کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ دیدی (ممتا بنرجی) انتخابات آتے آتے تنہا رہ جائیںگی ۔ شوبھندو ادھیکاری ایم ایل اے سے مستعفی ہوچکے ہیں ، حالانکہ ان کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا ہے۔اپنے تقریر میں امت شاہ نے مستقل ممتا بنرجی کو نشانہ پر رکھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس عظیم سرزمین کو سلام کرتا ہوں ، جہاں ماہر تعلیم ایشور چندر ودیاساگر اور شہید کھدی رام بوس پیدا ہوئے تھے۔ امت شاہ نے تاریخ بتاتے ہوئے کہا کہ :’ اٹھارہ سالہ لڑکا گیتا ہاتھ میں لے کر ہنستے ہوئے سولی پر چڑھ گیا، اس کی شہادت کے بعد لوگ کھودی رام کی دھوتی پہننے کا شوق ہوا‘۔امت شاہ نے کہا کہ آج شوبھندو کی قیادت میں تمام ’’اچھے لوگ ‘بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں ۔ امت شاہ کا کہنا تھا کہ دیدی کا کہنا ہے کہ بی جے پی پارٹیاں بدلواتی ہے ، جب دیدی کانگریس چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں آئی تھیں ، تو وہ کیا تھا؟ ۔ انتخابات ہونے تک ترنمول کانگریس خالی ہوجائے گی، وہ جو ہمارے ساتھ آرہے ہیں ، وہ ’ما ں ، ماٹی اورمنوش‘ کے نعرے کے ساتھ نکلے تھے ۔ امت شاہ کے مطابق آپ کو 10 کروڑ بنگالیوں کا مستقبل نظر نہیں آرہا ہے، میں بنگال کے کسانوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مودی جی جو 6 ہزار روپے دے رہے ہیں وہ آپ کو کیوں نہیں مل رہے ہیں؟۔ مرکزی سرکار لوگوں کو آیوشمان بھارت اسکیم دے رہی ہے ،تو پھر دیدی کے رہتے ہوئے لوگوں کو یہ کیوں نہیں مل رہا ہے۔امت شاہ نے کہا کہ :’جب تک آپ ترنمول کو باہر نہیں پھینک دیتے ، 6 ہزار نہیں ملیں گے، لوگوں کو وہ نہیں ملتا جو مرکزی سرکار بھیجنا چاہتی ہے ۔امت شاہ نے کہا کہ ممتا دیدی! انتخابی نتائج آنے پر بی جے پی اس بار 200 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی ۔