وزیر اعظم کے یوم ولادت کے موقع پردرگاہ نظام الدین اولیا میں تقاریب کا اہتمام،مودی کی درازیِ عمر کے لیے دعا کی گئی

نئی دہلی(نمائندہ):وزیر اعظم نریندرمودی کے 70ویں یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں 14سے 20ستمبر تک’سیواسپتاہ‘(خدمت ہفتہ) کے طور پرمنایا جارہا ہے۔اسی کے تحت بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدر محمدعرفان احمدنے اپنے ایک وفد کے ہمراہ ہندوستانی کے روحانی تاجدار خواجہ سید محمد نظام الدین اولیارحمتہ اللہ تعالی علیہ کی درگاہ شریف میں پہنچ کر 70زائرین کو ماسک تقسیم کئے، 70غریبوں کو کھانا کھلایا اور 70لوگوں کو شربت پلاکر وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر عملی جا مہ پہنایا،ساتھ ہی عقیدتمندوں کو عالمی وبا کورونا وائرس کے تعلق سے بیدار کیا اورصاف صفائی کے ساتھ رہنے کی تلقین کی۔اس دوران سلطان المشائخ حضرت محبوب الہی علیہ الرحمہ کے سجادہ نشین پیرجی غلام نظام نظامی نے وزیر اعظم نریندرمودی کے 70ویں پیدائش پر عمردرازی کی دعا کرائی،ساتھ ہی ملک وسلامتی اوربھائی چارگی کے فروغ کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔ اس سے قبل حضرت نظام الدین کے آستانہ عالیہ میں محمد عرفان احمد سمیت دیگر لوگوں کی گلپوشی وپگڑی باندھ کر استقبال کیاگیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پرمعروف ومشہور بی جے پی لیڈر محمد عرفان احمد نے ’نامہ نگاروں‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم ہند نریندربھائی مودی کی 70ویں سالگرہ کے پْر مسرت موقع پرپورے ہندوستان میں ’سیوا سپتاہ‘ کے تحت غریبوں، یتیموں، مسکینوں،مزدوروں، ضرورتمندوں،بیواؤں اور لاچار ومعذورافراد کی مدد وتعاون کے تحت بی جے پی کارکنان اپنے اپنے طور خدمت انجام دے رہے ہیں۔مسٹر عرفان نے مزید کہاکہ بھارت میں انفراسٹکچر پر جتنا کام وزیر اعظم مودی جی نے کیا ہے، اتنا اس سے پہلے کسی نے نہیں کیا، وہیں ’آتم نربھر کرشی،آتم نربھربھارت‘کے تحت بے شمار کام کیاہے، جو سنہرے حرفوں میں لکھے جا نے کے قابل ہے۔محمد عرفان کا یہ بھی کہناتھاکہ جس طرح سے وزیر اعظم نے ہندوستان میں عالمی وباکوروناوائرس پر کنٹرول کیا ہے، اس سے بڑے بڑے ممالک حیرت زدہ ہیں اورعالمی سطح کے سربراہان وزیر اعظم کے اقدامات کی ستائش کررہے ہیں۔وہیں عرفان احمد نے شہریوں سے کورونا وبا سے بچاؤ کی اپیل کی اور کہاکہ کورونا جیسی خطرناک بیماری سے محفوظ رہنے کیلئے اشد ضروری ہیکہ فیس ماسک گھر سے باہر نکلتے وقت ضرور لگائیں،کیو نکہ سماجی دوری، ہاتھوں کو سینی ٹائزر اور فیس ماسک اس موذی وبا سے بچنے کیلئے شدید ضروری ہے،کیو نکہ بارہا انتظامیہ سمیت عالمی ادارہ صحت کے علاوہ سبھی ماہرین اپیل کر رہے ہیں کہ ان تینوں چیزوں کو مستقل پابندی کے ساتھ کریں، یہ عمل ہمیں اور اپنے معاشرہ کو کورونا سے پاک صاف بنا نے کی لئے اہمیت کا حامل ہے۔