ورچوئل ریلی:نتیش کمار نے ایشوریا رائے کے بہانے لالوخاندان کوگھیرا

پٹنہ:بہاراسمبلی انتخابات میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ٹکٹ پر لالو یادو-رابڑی دیوی کی بہو ایشوریا رائے اترسکتی ہیں۔اس کااشارہ وزیراعلیٰ اورپارٹی کے سپریمو نتیش کمار نے کیا ہے۔ اپنی پہلی ورچوئل ریلی میں ساڑھے تین گھنٹے کی تقریرکے دوران نتیش کمارنے پارٹی میں شامل ہونے پر ایشوریا کے والد چندریکا رائے کاخیرمقدم کیا، پارٹی میں نئے آنے والوں سے گفتگوکی اورکہاکہ انہوں نے بیٹی ایشوریا کے ساتھ کس طرح کاسلوک کیا؟ نتیش کمارنے کہا کہ ایشوریا رائے کی یہ توہین ہے۔ ایک پڑھی لکھی عورت کے ساتھ کیساسلوک کیاگیاجوایک سابق وزیراعلیٰ درگا پرساد رائے کی پوتی ہیں۔ نتیش کمار نے لالو یادو اور ان کے اہل خانہ پر طعنہ زنی کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنی اپنی سلطنت چلا رہے ہیں وہ دوسرے لوگوں کے خاندان کاکتنااحترام کرتے ہیں۔ نتیش کمارکی عوامی اسٹیج سے ایشوریاکی نجی زندگی کے بارے میں بار بار ہونے والی گفتگوسے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ انہوں نے انہیں انتخاب میں امیدواربنانے کا ذہن بنالیا ہے اور وہ پورے لالو خاندان کو گھیرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ نتیش کماراب تک عوامی سطح پر اس مسئلے پر بات کرنے سے گریزکرتے رہے ہیں۔ایشوریا کے بعد انہوں نے ایم ایل اے جے وردھن یادوکابھی ذکر کیا۔