وکاس دوبے پر پولیس کا شکنجہ:کانپور کے بعداب لکھنؤ کا مکان بھی گر ے گا

لکھنؤ:گینگسٹر وکاس دوبے کے خلاف پولیس کا شکنجہ سخت ہوتا جارہا ہے۔ کانپور کے بعد لکھنؤ میں وکاس دوبے کا مکان بھی گرے گا۔ لکھنؤ میںکرشنانگرکے اندرلوک میں وکاس دوبے کا گھر ہے۔ ایل ڈی اے ٹیم نے اس کے گھر کا معائنہ کیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ مکان منہدم کرنے کے عمل پر کام جاری ہے۔ مالکانہ حقوق، نقشے، دستاویزات کی جانچ کی گئی۔ لکھنؤ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ابتدائی تفتیش میں وکاس کے مکان کے بارے میں بہت کچھ گڑبڑی ملی ہے۔ آٹھ پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد اہم ملزم گینگسٹر وکاس دوبے کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب کانپور انتظامیہ نے بیتور میں وکاس دوبے کے مکان کومسمار کردیا ہے۔ مکان کو مسمار کرنے کے لئے وکاس دوبے کا وہی جے سی بی استعمال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پولیس ٹیم کو گھیرے میں لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انتظامیہ وکاس دوبے کی تمام جائیدادیں منسلک کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ انتظامیہ اس کی تمام جائیدادوں کی جانچ کرے گی۔ نیز تمام بینک اکاؤنٹس بھی ضبط کیے جائیں گے۔وکاس دوبے کی تلاش میں پولیس کی 20 ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں۔ ان تمام علاقوں میں وکاس کے خاندان والے رہتے ہیں ۔ نیپال کی سرحد پر بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وکاس دوبے کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔