کانپور:آٹھ پولیس والوں کے قتل کا مجرم گینگسٹر وکاس دوبے کی تلاش میں پولیس کی ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔منگل کے روز کانپور کے بیکارو گاؤں میں پولیس ٹیم نے اس کے آبائی گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران پولیس کو اس کے گھر سے بہت سے بم ملے ہیں۔ اس سے قبل پولیس نے بیکرو میں ہی وکاس دوبے کے مکان کو بھی مسمار کردیا تھا۔ پولیس کو وکاس کے گھر سے اسلحہ بھی ملا تھا۔یوپی پولیس وکاس دوبے کی تلاش کر رہی ہے یوپی پولیس نے بیکرو میں واقع ان کے آبائی گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ اس دوران پولیس کو وکاس دوبے نہیں مل سکا لیکن اس کے ہتھیاروںکا اڈہ پولیس کے ہاتھ ضرور لگا ۔ اس چھاپے میں پولیس کو کئی دیسی بم ملے ہیں۔وہیں اس معاملے میں پولیس اہلکاروں اور وکاس دوبے کے مابین گٹھ جوڑ کی تحقیقات کی ذمہ داری اب لکھنؤ رینج کے لکشمی سنگھ آئی جی کے حوالے کردی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ چھان بین اسپیشل ٹاسک فورس کو دی گئی تھی لیکن انکاؤنٹر میں شہید ہونے والے سی او دیویندر مشرا کے اہل خانہ نے اس پر سوال اٹھایا۔ اہل خانہ نے مطالبہ کیا تھا کہ جب ایس ٹی ایف کے ڈی آئی جی اننت دیو خود اس معاملے میں شک کے دائرے میںہیں تو وہ خود اس معاملے کی تفتیش کیسے کرسکتے ہیں۔فی الحال واقعہ کے بعد سے گینگسٹر وکاس دوبے مفرور ہے۔