ویکسین لینے والوں کودی جانے والی سندپروزیراعظم کی تصویرچہ معنیٰ دا رد ؟ٹی ایم سی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی

کولکاتہ:مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی موسم کے دوران سرکاری مشینری کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ پارٹی نے رواں ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کواس ضمن میں ایک خط بھی لکھا ہے۔ ترنمول نے کرونا ویکسینیشن کے بعد دیے گئے سرٹیفکیٹ پر وزیر اعظم مودی کی تصویر پریہ سوال اٹھایا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی کارکنوں کاسہراخودلے رہے ہیں۔ویکسین کے بعد مرکزی وزارت صحت کی طرف سے ایک سند دی جارہی ہے ، جس میں وزیر اعظم کی تصویر موجود ہے۔ ان کی تصویر کے علاوہ ان کی جانب سے انگریزی اور ہندی میں بھی ایک سند چھپی ہوئی ہے۔ ترنمول کے رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کی طرف سے دیاگیا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ایسانہیں ہے ، وزیر اعظم اپنے عہدے کا غلط استعمال کررہے ہیں ، لیکن کوویڈ ویکسین بنانے والوں کاسہرا بھی چوری کررہے ہیں۔ وہ ڈاکٹروں ، نرسوں اور صحت کے کارکنوں کی بے لوث خدمت کو کھلے عام نقصان پہنچا رہے ہیں۔