اردو زبان و ادب کے دامن کو وسیع تر کرنا قومی اردو کونسل کا ہدف:ڈاکٹر عقیل احمد

کونسل کے زیر اہتمام اردو ادب کی علاقائی تاریخ کی ترتیب کے سلسلے میں آن لائن میٹنگ
نئی دہلی:قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام اردو ادب کی علاقائی تاریخ کی ترتیب سے متعلق پروجیکٹ کی آن لائن میٹنگ منعقد ہوئی،جس کی صدارت پروفیسر عتیق اللہ نے کی۔ میٹنگ میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کونسل کے ڈائریکٹرڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اردو کے دامن کو وسیع سے وسیع تر کیا جائے۔اسی مقصد سے ہم نے یہ طے کیا ہے کہ اردو ادب کی علاقائی تاریخ مرتب کی جائے جس میں ہندوستان کے مختلف علاقوں میں فروغ پانے والے اردو ادب کا جائزہ لینے کے ساتھ علاقائی زبانوں کے اردو تراجم کا بھی مبسوط و مفصل تجزیہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اردو کے کئی ایسے دانشور،محقق اور پروفیسر حضرات اس میٹنگ میں موجود ہیں جو اردو کے علاوہ دیگر زبانوں سے بھی اچھی طرح واقف ہیں اوروہ ان زبانوں کے معیاری ادب کو اردو میں منتقل کرنے کی عمدہ صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ان حضرات کے ذریعے اردو ادب کی ایک نہایت جامع اور مستند علاقائی تاریخ مرتب ہوکرسامنے آئے گی جس سے اردو دنیا خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکے گی ۔ پروفیسر عتیق اللہ نے اس پروجیکٹ سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے اس تعلق سے موصول ہونے والے مسودوں کا جائزہ پیش کیا اور کہا کہ ہمیں ایک رہنما خاکہ بنانا چاہیے اوراس کے مطابق کام کا تعین کرنا چاہیے،تاکہ ایک معیاری تحقیقی کام کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں جغرافیائی و زمانی حدود بھی طے کرنے ہوں گے کیوں کہ ملک کی ریاستوں کے خط و خال بدلتے رہتے ہیں ۔اسی طرح بعض علاقوں میں ایک ہی زبان استعمال نہیں ہوتی ، ایک سے زیادہ زبانیں رائج ہوتی ہیں۔ ان زبانوں اور بولیوں سے واقفیت بھی ضروری ہے۔ اسی طرح اردو زبان سے ان زبانوں کے تراجم یا ان زبانوں سے اردو تراجم کو بھی پیش نظر رکھنا بھی ضروری ہوگا۔اس موقعے پر مدھیہ پردیش، بہار، جھارکھنڈ، کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ، پنجاب،ہریانہ،ہماچل پردیش ،جموں و کشمیر، یوپی، مہاراشٹراور راجستھان وغیرہ میں اردو ادب کی تاریخ سے متعلق پروجیکٹس زیر بحث آئے اور شرکا نے متعلقہ موضوعات سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے اس کی تکمیل کے سلسلے میں ضروری سوالات کیے جن کے جوابات کمیٹی کے چیئر مین پروفیسر عتیق اللہ اور کونسل کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر(اکیڈمک) محترمہ شمع کوثر یزدانی نے دیے۔ میٹنگ کے آخر میں ڈاکٹر عقیل احمد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔
اس میٹنگ میں پروفیسر خالد محمود، پروفیسر ناشر نقوی،ڈاکٹر مسیح الزماں انصاری، ابوذر ہاشمی،پروفیسر فیروز احمد، ڈاکٹر نسیم الدین فریس، پروفیسر منظرحسین ، ڈاکٹرشرف النہار،ڈاکٹر الطاف انجم اور کونسل سے ڈاکٹر فیروز عالم(اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر)،محمد شہاب الدین اور محمد افضل خان شریک رہے۔