Home قومی خبریں اردو مڈل اسکول چک نصیر میں نمائش فن کا انعقاد

اردو مڈل اسکول چک نصیر میں نمائش فن کا انعقاد

by قندیل

 

پاتے پور(پریس ریلیز)

بچوں میں ایسی بہت ساری چھپی ہوئی صلاحتیں ہوتی ہیں جو عدم توجہی کی وجہ سے بروئے کار نہیں آ پاتی ہیں۔ والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو جلا بخشیں۔ آج اردو مڈل اسکول چک نصیر، پاتے پور، ضلع ویشالی کے طلبہ و طالبات نے ’نمائش فن‘ پروگرام کے تحت اپنی فنکاریوں کا اس طرح مظاہرہ کیا کہ اساتذہ بھی حیران رہ گئے۔ عام طور سے سرکاری اسکولوں میں اس طرح کی سرگرمیاں نہیں ہوتی ہیں جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات کے چھپے ہوئے جوہر سامنے نہیں آ پاتے ہیں۔ ورنہ سرکاری اسکولوں کے بچوں میں بھی اتنی صلاحتیں ہیں کہ وہ زندگی کے کسی بھی شعبہ میں کامیابی کے پرچم نصب کر سکتے ہیں۔ اردو مڈل اسکول چک نصیر میں آج درجہ ہفتم اور ہشتم کے طلبہ و طالبات کی طرف سے ’نمائش فن‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں طلبہ و طالبات نے اپنے ہاتھوں سے بنے ہوئے مختلف ماڈلز پیش کیے۔ یہ ماڈلز اتنے خوب صورت، دیدہ زیب اور کچھ تو ایسے معنی خیز تھے کہ انہیں دیکھ کر اساتذہ بھی دنگ رہ گئے کہ اتنے چھوٹے بچوں کا تخئیل بھی اتنا ارفع و اعلیٰ ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر معصوم فیضی، کامران غنی صبا، ترنم جہاں، نصرت ریحانہ اور فرزانہ یاسمین نے نمائش پروگرام کے انعقاد پر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں دعائوں سے نوازا۔ اس نمائش میں جن بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ان میں حسن آرا ، انجم پروین، ناظرین پروین ، محمد سیف، نکہت پروین، خالدہ پروین، ثنا صابرین، صائمہ آفرین، محمد فیضان وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

You may also like

Leave a Comment