اردو کے عالمی منظرنامے پر ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری کا خصوصی خطاب

چنئی:آج شعبہ اردو، نیو کالج چنئ  میں ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری عمری نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان و ادب کی صورت حال اور اس کے عالمی تناظر سے واقفیت طلبہ میں محرکہ پیدا کرنے کا باعث ہے۔ طلبہ کو اردو کے عالمی منظرنامے اور ہندوستان میں اس کے دستوری موقف سے واقف ہونا چاہیے۔ اردو ایک بین الاقوامی زبان ہے۔ دنیا کی مقبول زبانوں میں اردو چھٹویں نمبر پر ہے۔ اطلاعاتی تکنالوجی اور سوشیل میڈیا میں اردو کا استعمال، اردو کی مقبولیت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ یونیکوڈ اردو کی بدولت اردو انٹریٹ پر مقبول زبان ہے۔ اردو کا گرانقدر اثاثہ نیٹ پر دستیاب ہے اور اس ذخیرے میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
وصی بختیاری نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ اردو کے ساتھ دیگر زبانوں پر بھی عبور حاصل کریں۔ مطالعہ طلبہ کے لیے ازبس کہ لازم ہے۔ مطالعہ ہی سے اردو کے عظیم ادبی ورثہ سے استفادہ ممکن ہے۔ڈاکٹر وصی بختیاری نے طلبہ کو اردو کے موبائل اپلیکیشنز اور اردو کے وسائل سے مستفید ہونے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے شعبۂ اردو، نیو کالج (خودمختار)، چنئ کے نصاب کی ستائش کی اور کہا کہ طلبہ کے لیے اردو ای۔لرننگ سینئر ایک نعمت غیر مترقبہ ہے۔ طلبہ کو اردو کے ای لرننگ سینٹر سے کماحقہ استفادہ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر محمد طیب علی خرادی، صدرِ شعبہ اردو، نیو کالج چینائی نے کہا کہ نیو کالج کے طلبہ اردو کے موبائل اپلی کیشنس کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں اور اپنے موبائل فون پر اردو لکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے مہمان مقرر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقعہ پر شعبہ اردو کا عملہ، جناب خالق احمد اور دیگر افراد موجود رہے۔