اردو بازار بکس:ایک خواب کی تعبیر-ڈاکٹر زمرد مغل

بانی اردو بازار فاؤنڈیشن

دل سے دل بھی مل جائے گا ہاتھ میں لے کر ہاتھ چلو
جہاں تلک ہے ایک ہی رستہ وہاں تلک تو ساتھ چلو

‎ادب ہمارے لیے تفریح اور وقت گزاری کبھی نہیں رہا کہ تفریح اور وقت گزاری کے لئے نہ ہمارے پاس وقت ہے اور نہ طبیعت ہی اس طرف کبھی مائل ہوتی ہےـ پتا نہیں مجھے اور وصی حیدر(شریک بانی) کو کیوں لگتا ہے کہ ہم کچھ اچھا اور بہتر کرسکتے ہیں ـ میری اور وصی حیدر کی اس کوشش کو اگر آپ کا ساتھ مل جاتا ہے تو ہم اپنی اس مشترکہ محبت کو آپ لوگوں کے ساتھ شئیر کیا کریں گے اردو بازار بکس کے پلیٹ فارم سےـ اردو ادیب اور قاری کے درمیان جو رابطہ تھا وہ کب کا منقطع ہوگیا ہے، ہماری اس کوشش کو آپ اردوقاری کو اردو ادیبوں اور کتابوں سے قریب لانے کی ایک کوشش بھی کہہ سکتے ہیں ۔اچھے ادب کا چھپنا ہی نہیں بلکہ اس کا لوگوں تک پہنچنا بھی بہت ضروری ہوتا ہےـ اس بات سے کون انکار کرسکتا ہے کہ ہماری ہی زبان میں کتنے اہم لکھنے والے صرف اس لئے بھی ضائع ہوگئے کہ یا تو انہیں پبلیشرز نہیں ملے یا اچھے رسائل وجرائد میں جگہ نہیں ملی، وجہ کچھ بھی رہی ہو نقصان ادب کا ہوا اردو زبان کا ہواکہیں اچھا لکھنے والے ہماری گفتگو کا حصہ نہیں بن پائے اس لئے ضروری ہے کہ اچھے ادب کو نہ صرف چھاپا جائے بلکہ اس کو پرموٹ بھی کیا جائے ـ
میرے لیے اردو زبان و ادب کے حوالے سے کچھ بھی کرنا زندگی میں ایک نئے رنگ کا اضافہ ہے ،یہ واحد راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے مجھے دنیا پہلے سے زیادہ بامعنی اور حیران کن حد تک پراسرار لگتی ہے، میں اس دنیا میں پورے طور پر ملوث ہوجانا چاہتا ہوں، میں اس دنیا کا تصور بھی نہیں کرسکتا جہاں ادب نہ ہو ادیب نہ ہوں،میں چاہتا ہوں کہ اس دنیا کو مزید بدصورت ہونے سے بچایاجائے، میں اپنے آپ کو نہ تو ادیب مانتا ہوں اور نہ شاعر اور نہ ہی اس معاشرے کا کوئی اہم آدمی،میں بس اتنا کرنا چاہتا ہوں کہ دنیا کا لکھا گیا ادب اپنی زبان میں خود بھی پڑھوں اور آپ تک بھی پہنچاؤں ـ دنیا بھر میں پھیلے قصے کہانیوں کا خود بھی سامنا کروں اور آپ کو بھی اس میں شامل کروں۔
“اردو بازار بکس”
اردو اور ہندی کتابوں کا پہلا اشاعتی ادارہ ہے،جہاں سے بہت جلد اردو اور ہندی کی اہم کتابیں شائع ہوں گی،ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اردو کی اہم کتابیں اردو کے ساتھ ساتھ ہندی اور ہندی کی اہم کتابیں ہندی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں آپ تک پہنچاہیں۔دنیا کی مختلف زبانوں میں لکھی گئی علمی و ادبی کتابوں کو تراجم کی مدد سے ہندی اور اردو میں منتقل کرنا بھی ہمارے منشور کا حصہ ہے تاکہ نئے خیالات و افکار تک قارئین کی رسائی کو ممکن بنایا جاسکے۔ اردو بازار بکس نام کا ہمارا یہ کتاب گھر اردو اور ہندی زبان و ادب کے قارئین اور عالمی ادب کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا،جس میں سنجیدہ ادب کو سنجیدہ قارئین تک پہنچایا جائے گاـ یہ کام آسان نہیں مگر کسی نہ کسی کو کبھی نہ کبھی تو یہ کرنا ہوگا، سو ہم نے ابتدا کردی ہے،آگے آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہےـ یقین ہے سب اچھا ہی ہوگاـ اس سے پہلے اردو بازار کے نام سے ہماری ویب سائٹ چل رہی تھی،جو اردو اور ہندی کی پہلی ایسی ویب سائٹ ہے، جہاں سے آپ گھر بیٹھے کتابیں منگوا سکتے ہیں ـ پبلی کیشن اس سے آگے کا قدم ہے،جلد ہم اردو بازار سے شائع ہونے والی دس اہم کتابوں کا اعلان کریں گے، جو اردو اور ہندی میں ایک ساتھ شائع ہوں گی۔
ابھی اس ٹیم میں صرف دو لوگ میں اور میرے دوست وصی حیدر ہی ہیں، جوں جوں سفر آگے بڑھے گا اور لوگ جڑتے جائیں گے قافلہ بنتا جائے گا۔

(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ قندیل کاان سےاتفاق ضروری نہیں)

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*