یوپی:کورونااسپتالوں میں کھانے پینے تک کی سہولیات نہیں

بلندشہر:اترپردیش کے کئی کووڈ اسپتالوں میں افراتفری کی خبریں مسلسل آرہی ہیں۔ کھانے پینے کے لیے مریضوں کو انتظامیہ کے اس سسٹم سے کس طرح مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب بلندشہر کے ضلع مجسٹریٹ رویندر کمار ایک اسپتال کے دورے پر پہنچے۔ یہاں مریضوں نے انہیں بتایا کہ کیسے انہیں کھانے پینے تک کی سہولیات نہیں مل رہی ہیں۔دراصل ڈی ایم رویندر کمار خورجہ کے ایس ایس ایم جے اسپتال کا معائنہ کرنے آئے تھے۔ یہاں ایل ون اسپتال ہے، جہاں کووڈ کی علامات والے مریض رکھے جارہے ہیں۔ اس دوران مریضوں نے انہیںاپنا غم بتایا۔ جبکہ کچھ مریضوں نے کھانے کے معیار پر سوال اٹھائے، کچھ نے یہ بھی کہا کہ ان کے ساتھ بھکاریوں جیسا برتاؤ کیا جارہا ہے۔ مریضوں نے بتایا کہ انہیں ناشتہ وغیرہ پولی تھین میں دیا جاتا ہے اور کھانے کا معیار بہت خراب ہوتا ہے۔