نئی دہلی:وزیراعظم مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے75 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کوروناوائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔پی ایم مودی نے کہا کہ پوری انسانیت کو اس بحران سے نکالنے کے لیے ہندوستان کی ویکسین کی تیاری اورویکسین کی فراہمی کی صلاحیت مفید ہوگی۔کورونابحران کی وجہ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کاانعقادورچوئل اندازمیں ہوا۔ اس دوران پی ایم مودی نے اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت کامعاملہ بھی اٹھایا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ کب تک ہندوستان کو اقوام متحدہ کے فیصلہ سازی کے ڈھانچے سے الگ رکھا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ہم وباکے بعدکے حالات کے بعدہندوستان کے وژن کی طرف خودپیش قدمی کر رہے ہیں۔ہندوستان میں اس بات کویقینی بنایا جارہا ہے کہ بلا امتیاز تمام منصوبوں کافائدہ ہرشہری تک پہنچے۔ہندوستان اپنے گائوں میں پندرہ لاکھ گھروں تک پائپوں کے پانی کی فراہمی کے لیے ایک مہم چلارہاہے۔کچھ دن پہلے بھارت نے اپنے 6 لاکھ دیہات کوبراڈبینڈآپٹیکل فائبرسے جوڑنے کے لیے ایک بہت بڑامنصوبہ شروع کیاہے۔پی ایم مودی نے کہا کہ انسانیت دشمنوں کے خلاف ہندوستان آوازاٹھاتا رہے گا اورانسداددہشت گردی،غیرقانونی اسلحہ کی اسمگلنگ ، منشیات اور منی لانڈرنگ کے خلاف ہندوستان پابندعہد رہاہے اوررہے گا۔