Home تجزیہ امنگ پینٹنگ مقابلے میں کثیر تعدادمیں طلبا و طالبات کی شرکت

امنگ پینٹنگ مقابلے میں کثیر تعدادمیں طلبا و طالبات کی شرکت

by قندیل

 

نئی دہلی:اردو اکادمی، دہلی اسکولوں کے طلباء و طالبات میں تعلیم کا ذوق و شوق پیدا کرنے اور ان میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ہر سال تعلیمی مقابلے منعقد کرتی ہے۔ ان مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلباء و طالبات کو انعام دیتی ہے اور بچوں کی ہمت افزائی کے لیے کنسولیشن انعام بھی دیتی ہے۔ ان مقابلوں میں تقریری، فی البدیہہ تقریری، بیت بازی، اردو ڈراما، غزل سرائی، کوئز(سوال و جواب)، مضمون نویسی و خطوط نویسی، خوشخطی مقابلے اور امنگ پینٹنگ مقابلہ شامل ہیں۔ یہ تعلیمی مقابلے دہلی کے پرائمری تا سینئر سیکنڈری اردو اسکولوں کے طلباء و طالبات کے درمیان منعقد ہورہے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ مقابلے 13/دسمبر تک جاری رہیں گے۔

آج صبح دس بجے اکادمی کے لان میں امنگ فی الفور پینٹنگ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلہ تین زمروں پر مشتمل تھا۔ پرائمری (دوسری جماعت سے پانچویں جماعت کے طلبا و طالبات)، مڈل (چھٹی جماعت سے آٹھویں جماعت کے طلبا و طالبات) اورسیکنڈری و سینئر سیکنڈری زمرہ(نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبا و طالبات)۔ اس مقابلے میں تقریباً 72 اسکولوں سے 430 طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ پینٹنگ کے لیے طلبا و طالبات کو اسی وقت عنوانات دیے گئے تھے جن پر انھیں پینٹنگ بنانی تھی۔

دوپہر تین بجے سوال و جواب (کوئز) مقابلہ برائے سیکنڈری و سینئر سیکنڈری زمرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں 14 اسکولوں سے 50 طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ مقابلے کے کوئز ماسٹر کی حیثیت سے ڈاکٹر شمیم احمد اور ریشماں فاروقی نے شرکت کی۔ اس مقابلے میں ہمدرد پبلک اسکول، سنگم وہار، جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور رابعہ گرلز پبلک اسکول کی ٹیم کو اول انعام کا مستحق قرار دیا گیا۔دوسرے انعام کے لیے ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول، جعفرآباد کی ٹیم کو مستحق قرار دیا گیا جب کہ تیسرے انعام کے لیے شفیق میموریل سینئر سیکنڈری اسکول، باڑا ہندوراؤ کی ٹیم کو مستحق قرار دیا گیا۔ ان کے علاوہ گورنمنٹ سروودیہ کنیا ودیالیہ، نور نگر اور اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ کی ٹیم کو حوصلہ افزائی انعامات کے لیے مستحق قرار دیا گیا۔

You may also like

Leave a Comment