ادھو ٹھاکرے کی وارننگ،جس کو میری حکومت گرانا ہے،گراکر دیکھ لے!

ممبئی:راجستھان میں جاری سیاسی بحران کے درمیان ایک انٹرویو میں مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ جس کو میری حکومت گرانی ہے وہ گرائے ،میں دیکھتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ کس کا انتظار ہے؟ اب حکومت کو گرائو، حکومت تین پہیوں والی ہے، لیکن یہ غریبوں کے لئے ایک گاڑی ہے۔ لیکن اسٹیئرنگ میرے ہاتھ میں ہے۔ اگر مجھے بلٹ ٹرین یا رکشہ میں انتخاب کرنا پڑے تو میں رکشہ کا انتخاب کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں غریبوں کے ساتھ کھڑا رہوںگا۔ میں اپنے اس کردار کو تبدیل نہیں کرتا ہوں۔ کسی کو یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ میں وزیر اعلی بن گیا ہوں، اس کا مطلب ہے کہ میں بلٹ ٹرین کے پیچھے کھڑا رہوں گا۔ مہاراشٹرکے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر کی معیشت گر گئی ہے، لیکن اس کا کوئی راستہ نکالیںگے۔ آپریشن لوٹس مہاراشٹر میں کامیاب ہوگا یا نہیں؟ اس سوال کے جواب میں مہاراشٹر کے وزیر اعلی نے کہا کہ کرکے دیکھو۔ میں پیش گوئی کیسے کرسکتا ہوں؟ آپ اسے آزمائیں۔ جوڑ توڑ کرکے دیکھو۔انھوں نے کہاکہ ایسا کوئی بھی اپوزیشن کا لیڈردکھائو جو کسی دوسری پارٹی میں جانے کے بعد اعلی عہدے پر پہنچا ہو۔سی ایم ادھو نے کہا کہ آپ کو اپنی پارٹی میں کیا کچھ نہیں ملتاپھربھی آپ کسی دوسری پارٹی میں جاتے ہیںتو یہ افسوسناک ہے۔