سیتامڑھی(عبدالخالق قاسمی): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحریک پر تمام مسالک اور ملی تنظیموں کی مشترکہ ضلعی نشست بعنوان یکساں سول کوڈ ہمیں منظور نہیں ملک بھر میں جنگی سطح پر جاری ہے۔بہار کے تمام اضلاع سمیت بلاک و پنچایتی سطح پر بھی امارت شرعیہ کا وفد امیر شریعت کے حکم پر اس کام کو انجام دے رہا ہے ۔ لوگ یکساں سول کوڈ عوام پر مسلط کرنے کی حالیہ کوششوں کے خلاف اپنے شدید احتجاج کا اظہار بھی کر رہے ہیں ۔ اسی ضمن میں آج مورخہ 21 جولاٸی بروز سنیچر ‘یکساں سول کوڈ ہمیں منظور نہیں’ عنوان سے جامعہ اصلاحیہ نسیم آباد پاکٹولہ سیتامرھی میں ایک نشست منعقد ہوٸی۔جس میں امارت شرعیہ کے ناٸب ناظم مولانا مفتی ثناء الہدی قاسمی نے عوام الناس کو مفید مشورہ دیتے ہوٸے کہا کہ عاٸلی قوانین کے خلاف لا کمیشن آف انڈیا کو آپ اپنی راٸے ضرور بھیجیں۔انہوں نے اس موقع پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ملک میں مسلمانوں کی تعداد 25 کڑور سے زیادہ ہے مگر لا کمیشن کو صرف دو لاکھ ہی راٸے پہنچی ہے۔اس موقع پر مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولانا انواراللہ فلک نے بھی اظہار خیال کیا اور یکساں سول کوڈ کو سمجھاتے ہوٸے کہا کہ میں یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) اور لاء کمیشن کی طرف سے اسے عوام پر مسلط کرنے کی حالیہ کوششوں کے خلاف ہوں اور اس کا باٸیکاٹ کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی نے مخلوق کی تخلیق فرماٸی اور وہ اس کی تمام فطرتوں سے اچھی طرح واقف ہےاس لٸے تمام انسانوں کو ایک ایسے ضابطے میں جوڑنا جو ان کی عین فطرت کے مطابق ہے وہ زیادہ بہتر ہے ۔مولانا مظفر احسن رحمانی معتمد خاص سبیل الفلاح جالے دربھنگہ نے مسلم پرسنل لا اور مسلم پرسنل لا بورڈ اور یکساں سول کوڈ کیا ہے اس کو مختصر مگر جامع انداز میں عوام الناس کو بتایا اور یکساں سولکوڈ کے نقصانات سے آگاہ کرایا اور کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے اور سرکار کوایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے جس سے بہت سی کمیونٹیز، خاص طور پر اقلیتی برادری کو کسی طرح کا خطرہ لاحق ہو۔ مولانا عبدالخالق قاسمی استاذ مدرسہ طیبہ منت نگر مادھوپور مظفرپور نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یکساں سول کوڈ کے معاملے کو اچھال کر یہ تاثر پیش کیا جا رہا ہے کہ مسلمانوں کا پرسنل لا ظالمانہ اور فرسودہ قوانین کا مجموعہ ہے۔جو لوگ اس طرح کا بیان دیتے ہیں وہ ذہنی کجروی کے شکار ہیں ، مسلم پرسنل لا وہ واحد راستہ جس سے پوری دنیا کا نظام معاشرت سنور سکتا ہے۔ مسلم پرسنل لا پوری انسانیت کی آزادی و تحفظ کا ضامن ہے۔ اس سے قبل نشست کا باضابطہ آغاز جامعہ اصلاحیہ کے طالبعلم نے قرآن کی تلاوت سے کیا نیز بارگاہ رسالت مآب میں نعت پاک کا گلدستہ حافظ اعجاز بھرونوی نے پیش کیا، جبکہ نظامت کے فراٸض جامعہ کے ناظم تعلمیات مولانا اسرار مظاہری نے خوبصورت انداز میں انجام دیا۔جامعہ کے ناظم حافظ منظر نے آٸے ہوٸے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔مفتی ثناء الہدی قاسمی کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوٸی۔مدرسہ کے اساتذہ و مقامی لوگوں نے اس نشست کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔