ٹوئٹر نے ٹرمپ کے کئی ٹوئٹس ہائڈ کیے ،گمراہ کن یا حقائق کے خلاف ہونے کا شبہ

نیویارک :سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن میں کامیابی کے دعوؤں یا دھاندلی پر مبنی ٹوئٹس پر خصوصی لیبل لگا رہا ہے یا اْنہیں ہائیڈ کر رہا ہے۔ اس پر صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر سے شکوہ بھی کیا ہے۔امریکہ میں منگل کو صدارتی انتخابات کے دن سے اب تک ٹوئٹر ری پبلکن امیدوار صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کئی ٹوئٹس پر لیبل لگا چکا ہے کہ اس ٹوئٹ میں موجود معلومات گمراہ کن یا حقائق کے خلاف ہو سکتی ہیں۔البتہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کی اب تک ایسی کوئی بھی ٹوئٹ نہیں جس پر ٹوئٹر نے کسی قسم کا لیبل لگایا ہو۔الیکشن کے دن سے لے کر اب تک صدر ٹرمپ کی کم از کم 10 ٹوئٹس ایسی ہیں جن پر ٹوئٹر نے اپنی پالیسی کے مطابق وارننگ لیبل لگایا ہے۔ٹوئٹر نے امریکی انتخابات سے قبل ہی آگاہ کر دیا تھا کہ وہ الیکشن سے متعلق گمراہ کن معلومات کو اپنے پلیٹ فارم سے روکنے کے لیے اقدامات کرے گا۔تین نومبر کو ہونے والے امریکی انتخابات کے اگلے روز ٹوئٹر نے صدر ٹرمپ کی اس ٹوئٹ پر لیبل لگا دیا تھا جس میں انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ اور دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔پانچ نومبر کو صدر ٹرمپ نے پھر دعویٰ کیا کہ وہ ابتدائی نتائج میں کئی ریاستوں میں آگے تھے لیکن جادوئی طور پر وہ سب ریاستیں غائب ہوتی گئیں۔صدر ٹرمپ کی اس ٹوئٹ پر بھی ٹوئٹر نے لیبل لگاتے ہوئے اسے ہائیڈ کر دیا تھا۔صدر ٹرمپ نے ریاست پینسلوینیا میں بھی دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔بعد ازاں انہوں نے پینسلوینیا کے ساتھ ساتھ جارجیا اور نارتھ کیرولائنا میں بھی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کئے۔گزشتہ روز امریکی صدر نے ایک ٹوئٹ کی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ ووٹ جو الیکشن کے دن کے بعد موصول ہوگا، وہ شمار نہیں کیا جائے گا۔ان کے اس ٹوئٹ پر بھی ٹوئٹر نے اپنی پالیسی کے مطابق لیبل لگایا کہ اس میں موجود مواد متنازع یا گمراہ کن ہو سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کو اپنے حریف جوبائیڈن کی مختلف ریاستوں کے ابتدائی نتائج میں برتری کے حوالے سے بھی ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جوبائیڈن نے جن ریاستوں میں حالیہ برتری حاصل کی ہے ان تمام کو دھاندلی اور انتخابی بدعنوانی کے باعث قانونی طور پر چیلنج کیا جائے گا۔صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حوالے سے کئی شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ وہ ذرائع ابلاغ کا مشاہدہ کریں اور ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی دہرایا تھا کہ "ہم ہی جیتیں گے۔صدر ٹرمپ نے جمعے کو بھی متعدد ٹوئٹس کیں جن پر ٹوئٹر نے اپنی پالیسی کے مطابق لیبل لگائے۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی بریفنگ کی ویڈیو شیئر کی تو اس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ قانونی طور پر ڈالے گئے ووٹوں سے وہ باآسانی انتخاب جیت گئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی مبصرین کو کسی بھی صورت کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*