انقرہ : الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردگان تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دوسرے رائونڈ کے انتخاب میں اپنے مخالف کلچدار اوغلو کو شکست دے دی۔ دوسرے رائونڈ میں اردگان نے ۵۳ فیصد اور کلچدار اوغلو نے ۴۷ فیصد ووٹ حاصل کیے۔ آج ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح ۸بجے سے پانچ بجے تک جاری رہی۔اس کے بعد گنتی کا مرحلہ شروع ہوا جس میں ابتدا سے ہی اردگان واضح برتری بنائے ہوئے تھے۔ ان کے جیت کے اعلان اور تیسری مرتبہ صدر منتخب ہونے پر ان کے حامیوں میں جشن کی لہر ہے، پورے ترکیہ میں سرخ ہلالی پرچم لہرا رہا تھا۔بڑی تعداد میں لوگ صدارتی محل کے پاس جمع ہوکر جشن منانے لگے۔ خیال رہے کہ ترکیہ میں ۱۴مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ ۹۰فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے ۵۰فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا۔پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر پانچ پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ ۵۰فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔
اردگان تیسری بار ترکی کے صدر منتخب
previous post