انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوگان نے ترکی کی تاریخ میں گیس کے سب سے بڑے ذخائر دریافت ہونے کا اعلان کیاہے۔تفصیلات کے مطابق مشرقی بحیرۂ روم میں ترکی اور یونان کے درمیان متنازع پانیوں میں قدرتی گیس اور تیل کی تلاش پر تنازع جاری ہے۔ ترک بحریہ کی سیکیورٹی میں ترکی کا بحری جہاز مشرقی بحیرۂ روم کے جن علاقوں میں گیس اور تیل دریافت کررہا ہے، ان پر یونان اور قبرص کو اعتراض ہے کہ وہ ان کے علاقے ہیں۔
ترکی کا کہنا ہے کہ یہ سمندری علاقہ اس کی ملکیت ہے اور وہ پانیوں میں اپنے حقوق، مفادات اور تعلقات کا دفاع کرنا جانتا ہے۔ مشرقی بحیرۂ روم میں گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں جن پر ترکی، قبرص اور اسرائیل کے درمیان اکثر تنازع رہتا ہے۔ترک خبر رساں ادارے ’اناطولیہ‘ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے جمعہ کے روز استنبول میں اعلان کیا کہ مشرقی بحیرۂ اسود میں ترکی نے گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔ فاتح جہاز نے 320 بلین کیوبک میٹر گیس کا ذخیرہ دریافت کیا ہے۔ دریافت ہونے والی گیس عوام کو 2023ء میں مل سکے گی۔
اناطولیہ کے مطابق ترک صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے گزشتہ ہفتے عوام سے خطاب کرتے ہوئے تھا کہ ’اچھی خبر‘ جلد آنے والی ہے۔ ترکی کا فاتح جہاز بیس جولائی کو گیس کی تلاش کے لیے بحیرۂ روم گیا تھا جہاں پر اس نے ٹیونا 1 کے مقام پر ڈرلنگ کی تھی۔