تر کی نے بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مہاجرین کےلیےاشیائے خوردونوش بھجوائیں

انقرہ:ترکی تعاون و ترقیاتی ایجنسی ’’تیکا‘‘کی طرف سے بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو خوراک کی امداد فراہم کی گئی ہے۔تیکا کی طرف سے جاری کیے گئے تحریری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کے ضلع کوکس بازار میں 16 مہاجرین کیمپوں میں مقیم تقریباً 25 ہزار روہنگیا مہاجرین کو خوراک کے پیکٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تقسیم کی جانے والی خوراک کے ساتھ کیمپوں میں مقیم مسلمان مہاجرین موسم سرما کو بہتر شکل میں گزار سکیں گے۔ خوراک کی امداد حاصل کرنے والے مہاجرین نے خوشی کا اظہار کیا اور ترکی اور تیکا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ تیکا نے 2017 میں ان کیمپوں میں مقیم مہاجرین کے لیے موبائل کچن لگا کر یومیہ 25 ہزار افراد کو گرم کھانا تقسیم کیا تھا۔بنگلہ دیش کے ضلع کوکس بازار کے مہاجر کیمپوں میں ایک لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمان مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔کوئی کام کاج نہ ہونے کی وجہ سے ان مہاجرین کو خوراک سمیت ہر طرح کی ضروریات زندگی کی دقتوں کا سامنا ہے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*