Home بین الاقوامی خبریں ترک صدر کی 10 مغربی سفرا کو ملک سے نکالنے کی دھمکی

ترک صدر کی 10 مغربی سفرا کو ملک سے نکالنے کی دھمکی

by قندیل

استنبول :ترک صدر رجب طیب اردغان نے زیر حراست سماجی رہنما کی حمایت میں مشترکہ بیان جاری کرنے کے بعد امریکا، جرمنی اور دیگر 8 مغربی ممالک کے سفرا کو ملک سے بے دخل کرنے کی دھمکی دے دی۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں پیدا ہونے والے 64 سالہ انسان دوست اور سماجی رہنما عثمان کافالا 2017 سے جرم ثابت ہوئے بغیر قید میں ہیں ناقدین کے مطابق یہ اردوان کی بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی علامت ہے۔10 سفرا کی جانب سے پیر کو غیر معمولی مشترکہ بیان جاری کیا گیا جو انہوں نے بڑے پیمانے پر اپنے ترک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پھیلایا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ عثمان کافالا کی مسلسل حراست ترکی پر غلط اثرات مرتب کر رہی ہے۔رجب طیب اردغان نے صحافیوں کو بتایا کہ ‘میں نے وزارت خارجہ کو بتایا ہے کہ ہم ملک میں ان کی مزید میزبانی نہیں کر سکتے۔عثمان کافالا پر 2013 میں حکومت مخالف احتجاج اور 2016 میں ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔مشترکہ بیان میں امریکا، جرمنی، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے اور سوئڈن نے کافالا کیس کے جلد اور انصاف پر مبنی حل کا مطالبہ کیا تھا۔ان ممالک کے سفرا کو منگل کو ترک وزارت خارجہ طلب کیا گیا تھا۔افریقہ کے دورے سے واپسی پر رجب طیب اردغان ترک رپورٹرز سے گفتگو کے دوران آگ بگولہ دکھائی دیے۔ترکی کے نجی نشریاتی ادارے ’این ٹی وی‘ کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ کیایہ آپ کا کام ہے کہ آپ ترکی کو سبق سیکھائیں؟ آپ کون ہیں؟‘رجب طیب اردغان کے اس بیان کے بعد ترکی کے مغرب سے نئے تنازع کی لہر کے خدشات کے باعث ڈالر کے مقابلے میں ترک لیرا کی قدر میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی۔عثمان کافالا نے گزشتہ ہفتے جیل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ رجب طیب اردغان اپنی دو دہائیوں کی حکمرانی کے خلاف مقامی اپوزیشن کو غیر ملکی سازش کا الزام دینے کے لیے انہیں مہرا بنارہے ہیں۔عثمان کافالا نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’میرے خیال میں مسلسل حراست کی ایک وجہ یہ ہے کہ حکومت اس افسانے کو زندہ رکھنا چاہتی ہے کہ 2013 میں کیے جانے والے غازی احتجاج، بین الاقوامی سازش کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ مجھ پر غیر ملکی طاقتوں کی اس مبینہ سازش کا حصہ ہونے کا الزام ہے، میری رہائی سے یہ افسانہ کمزور ہوجائے گا اور یہ حکومت نہیں چاہتی ہے‘۔خطے کے سرفہرست انسانی حقوق کے نگراں ’یورپ کونسل‘ کی جانب سے ترکی کو حتمی انتباہ جاری کیا گیا کہ عثمان کافالا کے تعطل کے شکار ٹرائل میں 2019 یورپی انسانی حقوق عدالت کے حکم کے مطابق عمل کیا جائے۔اگر ترکی حکم کی تکمیل میں ناکام ہوجاتا ہے تو 30 نومبر سے 2 دسمبر تک اسٹراسبرگ میں ہونے والے اجلاس میں انقرہ کے خلاف تادیبی کارروائی کے لیے ووٹ دیا جاسکتا ہے۔اس کارروائی کے نتیجے میں کونسل میں ترکی کا ووٹنگ کا حق اور رکنیت معطل ہوسکی ہے۔

You may also like

Leave a Comment