Home متفرقاتمراسلہ تریپورہ جل رہا ہے،حکومت اور مسلم تنظیمیں اپنی ذمے داری نبھائیں – مولانا ڈاکٹرابوالکلام قاسمی شمسی

تریپورہ جل رہا ہے،حکومت اور مسلم تنظیمیں اپنی ذمے داری نبھائیں – مولانا ڈاکٹرابوالکلام قاسمی شمسی

by قندیل

 

واٹس ایپ اور فیس بک پر یہ خبر بہت گشت کر رہی ہے کہ تریپورہ کی حالت بہت خراب ہے،وہاں فرقہ وارانہ فساد پھوٹ پڑا ہے ،قرآن کریم کی بے حرمتی کی جارہی ہے، مسجدیں جلائی جارہی ہیں ، مسلمانوں کے گھروں کو جلایا اور منہدم کیا جارہا ہے ،جان ،مال ،عزت و آبرو سے کھلواڑ کیا جارہا ہے ، ایسا کئی دنوں سے ہورہا ہے ، مگر اب تک یہ سلسلہ بند نہیں ہوا ہے ،یہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے ، خبر کے مطابق ابھی تک اس کے روک تھام کے لئے وہاں کی حکومت نے کوئی کاروائی نہیں کی ہے اور ہر طرف ظلم و ستم کا بازار گرم ہے۔
ابھی چند مہینے گذرے ہیں ، ملک کی ملی تنظیموں کی کانفرنس منعقد ہوئی تھی ، اس کانفرنس میں اس طرح کے حادثات کے وقت اجتماعی اقدامات کی تجویز منظور کی گئی تھی ،جس سے بہت سی امیدیں جھلک رہی تھیں ، یقینا یہ ایک خوش آئندہ بات تھی اور ہے تریپورہ میں مسلمانوں کی بھی آبادی ہے ،وہاں مسلم تنظیمیں بھی ہیں ،نیز قریب کے صوبوں میں بھی مسلمانوں کی آبادی ہے ، مگر افسوس کی بات ہے کہ قریب کے صوبوں سے بھی کوئی آواز سننے کو نہیں مل رہی ہے ، جبکہ آپسی تال میل کے ذریعے باہمی تعاون سے کام لیا جاسکتا ہے ، نیز جمعیت علما اور جماعت اسلامی کی صوبائی تنظیم وہاں ضرور ہوگی ،موجودہ وقت میں وہاں کی تنظیموں سے صحیح صورت حال معلوم کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔
تریپورہ کے معاملے پر اکابر ملت اور ملی تنظیموں کی توجہ ضرور ہوگی ، میں تمام ملی تنظیموں کے قائدین سے، خاص طور پر جمعیت علماء ہند کی دونوں تنظیموں ،ملی کونسل اور جماعت اسلامی کے قائدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں پہل کریں ،پہلے مرکزی حکومت کے ذمے داروں سے بات کرنے کی زحمت کریں ،پھر حالات کے اعتبار سے صوبائی حکومت سے ، فساد پر قابو پانے کے لیے دونوں پر زور دیا جائے ، جس علاقے میں فساد ہوا ہے ،وہاں امن و شانتی بحال کرنے کے لیے کوشش کی جائے ؛ تاکہ حالات معمول پر آسکیں اور امن و شانتی بحال ہوسکے ،نیز حکومت پر زور دیا جائے کہ دنگائیوں کی نشان دہی کرے اور ان پر کاروائی کرے ۔

You may also like

Leave a Comment