Home قومی خبریں امارت شرعیہ کےشعبہ تبلیغ و تنظیم کے لیے منتخب شدہ 59 علما کی سہ روزہ تربیت کا آغاز،امیر شریعت اور نائب امیر شریعت کا خطاب

امارت شرعیہ کےشعبہ تبلیغ و تنظیم کے لیے منتخب شدہ 59 علما کی سہ روزہ تربیت کا آغاز،امیر شریعت اور نائب امیر شریعت کا خطاب

by قندیل

پٹنہ(پریس ریلیز): امارت شرعیہ  کے شعبۂ تبلیغ و تنظیم میں 59 علماء کرام  کو بحیثیت دعاۃ و مبلغین  بحالی کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ آج مورخہ 20 مارچ 2022 کو ان بحال شدہ دعاۃ و مبلغین کی سہ روزہ تربیت کا آغاز امیر شریعت بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب و نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب کے ناصحانہ خطاب سے ہوا ۔

حضرت امیر شریعت مد ظلہ نے اپنی ناصحانہ گفتگو میں فرمایا کہ دعاۃ و مبلغین نہ صرف امارت شرعیہ کے بلکہ پوری ملت کے ترجمان ہیں ، اس لیے آپ سب اپنے عمل و کردار سے ملت کی ترجمانی کریں ۔آپ کا انتخاب جس کام کے لیے ہوا ہے، اس میں بہت ساری مشکلات و پریشانیاں آئیں گی ، لیکن اگر آپ نے حسن اخلاق کے ساتھ ان پریشانیوں اور مشکلات کو جھیلنا سیکھ لیا تو آپ کامیاب ہوں گے ۔آپ اپنے دائرہ کو پہچانیے اور جو عمل آپ کی استطاعت  اور دائرہ اختیار میں ہو اس پر استقامت کے ساتھ عمل کیجئے۔ جو چیزیں آپ کے دائرہ فہم اور دائرہ عمل سے باہر ہیں ان میں الجھ کر نہ رہ جائیں ۔آپ اس بات پر غور کریں کہ آپ کو اپنے کام میں کامیاب ہو  نے کے لیے کون کون سے کام پابندی سے کرنے ہیں ، پھر ان پرپابندی سے عمل کریں۔ہمیشہ اپنے کام اور اپنی زندگی میں توازن کو برقرار رکھیں ۔اگر تواز ن نہیں ہو گا تو دونوں خراب ہو جائیں گے۔آپ امارت شرعیہ کے تمام شعبہ جات کی پوری معلومات حاصل کیجئے اور ملت ان سے کیسے فائدہ اٹھا سکتی ہے یہ بات ملت کے سامنے رکھئے ، آپ انہیں بتائیے کہ اگر امارت شرعیہ کے نظام کو ملت نے قبول کر لیا تو ہم سب ایک بہتر معاشرہ کی تشکیل آسانی سے کر سکتے ہیں۔امارت شرعیہ کے ترجمان ‘‘نقیب’’ کی اہمیت سے لوگوں کو واقف کرائیے اور کوشش کیجئے کہ ہر  ہفتے  نقیب کا کم از کم ایک خریدارضرور بنائیں۔آپ اپنے قول و عمل سے امارت شرعیہ کا پیغام ہر جگہ پہونچائیے اور اس راہ میں جو تکلیفیں آئیں ان کو ہمت اور حوصلہ کے ساتھ برداشت کیجئے، ان شاء اللہ اس سے آپ کی شخصیت کا بھی فائدہ ہو گا ، امارت شرعیہ کا بھی فائدہ ہو گا اور ملت بھی آپ سے فائدہ اٹھائے گی۔

نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی صاحب نے کہا کہ آپ سب حضرات امارت شرعیہ کے سفیر ہیں ، اپنی ذات کے سفیر مت بن جائیے گا۔ امارت شرعیہ کے مفاد کو اپنے مفاد پر مقدم رکھیئے ، ان شاء اللہ اس سے دنیا میں بھی آپ کی ناموری ہوگی اور آخرت میں بھی سرخ رو ہوں گے۔جو گائڈ لائن امارت شرعیہ سے دی جائے اس کے مطابق کام کریں  اور ہمیشہ سیکھنے کی کوشش کریں ۔صبر ، برداشت اور تحمل کے ساتھ اپنے کاموں کو انجام دیجئے ان شاء اللہ آپ  کامیاب ہوں گے۔قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے کہا کہ آپ حضرات ہمارے لیے ایک تحفہ کی حیثیت رکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ہمارے کاموں کا معاون منتخب فرمایا ہے ۔ آپ حضرات بھی اس ادارے کی قدر و منزلت کو پہچانیں ، یہ وہ ادارہ ہے ، جس کو مولانا ابو المحاسن محمد سجاد رحمۃ اللہ علیہ جیسے دور بین و دور رس مردقلندر نے قائم کیا ، اس ادارہ سے آپ کی وابستگی ہوئی ہے ، اس پر اللہ کا شکر ادا کیجئے۔ جتنا آپ اس ادارہ کو سمجھیں گے آپ کے لیے کام کرنا اتنا ہی آسان ہو گا۔آپ فیلڈ میں جائیں تو ایک بات ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ آپ کو بہت کچھ تلخ و شیریں  سننا پڑ سکتا ہے ،ساری باتوں کا جواب نہیں دینا ہے ، خاموشی بہت سی باتوں کا جواب ہے ۔مصیبتوں اور پریشانیوں پر صبر کیجیے۔دعوت و تبلیغ کی راہ میں اکابر نے جو دشواریاں سہی ہیں ان کو مد نظر رکھیں ، ان شاء اللہ اس سے آپ کو کام کرنا آسان ہو گا۔

 

 

مولانا مفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ و انچارج شعبہ تبلیغ و تنظیم نے کہا کہ امیر شریعت سابعؒ نے فیصلہ فرمایا تھا کہ شعبہ تنظیم میں سو علماء کرام کی بحالی ہو ، لیکن ان کی زندگی تک پچپن علماء کرام اس شعبہ سے وابستہ ہو سکے تھے، آج الحمد اللہ  آپ کے جانشیں موجودہ امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مدظلہ کی ہدایت پر 59 علماء کرام  بحالی  کے لیے منتخب ہوئے ہیں اور یہ تعداد سو سے زائد ہو گئی ہے ۔ ایک سو تین علماء کرام نے کئی مرحلوں میں تقریری اور تحریری امتحانوں میں حصہ لیاتھااور آج یہ کامیاب ہونے والے علماء یہاں بیٹھے ہیں ، آپ سب خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس ادارہ کی خدمت کا موقع دیا ہے ۔ان شاء اللہ سبھی منتخب شدہ علماء کرام کی تین روزہ تربیت کی جائے گی اور امارت شرعیہ کے تمام شعبہ جات اور طریقۂ کار سے انہیں واقف کرایا جائے گا تاکہ آگے کے مراحل میں ان کے لیے کام کرنا آسان ہو ۔

اس افتتاحی تربیتی پروگرام  میں قاضی شریعت مولانا محمد انظار عالم قاسمی، مولانا  مفتی سہیل احمد قاسمی صدر مفتی امارت شرعیہ ، مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی مفتی امارت شرعیہ، مولانا سہیل احمد ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ، مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ ،  مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ  ومولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ نے نو منتخب دعاۃ و مبلغین حضرات کو قیمتی نصیحتیں کیں۔  جبکہ مولانا مفتی شہنواز احمد مظاہری ، مولانا عبد اللہ جاوید صاحب وغیرہ نے انتظامی امور کو انجام دیا ۔

You may also like

Leave a Comment