دنیا کا مہنگا ترین سودا، ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں ٹویٹر خرید لیا

 

دنیا کی مہنگی ترین کاروباری ڈیل گزشتہ روز فائنل ہوئی ہے جس کے نتیجے میںبرقی گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا اور خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر کو تقریباً 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ یہ رقم پاکستان کے سالانہ بجٹ اور ملک کے مجموعی قرضوں کے تقریباً برابر ہے۔

رپورٹس کے مطابق مطابق ایلون مسک ٹویٹر کی خریداری کے لیے54.20 ڈالر فی شیئر کے حساب سے نقد رقم ادا کریں گے اور اس طرح وہ ٹویٹر کے واحد شیئر ہولڈر بن جائیں گے ۔ یہ دنیا بھر میںاب تک کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس خبر کے بعد ٹوئٹر کے شیئرز میں تقریباً 6 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

اس ڈیل کے فائنل ہونے کے بعد ایلون مسک کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار ایک فعال جمہوریت کی بنیاد ہے اور ٹویٹر ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جہاں مستقبل کے اہم معاملات پر بحث کی جاتی ہے۔انھوں نے صارفین کے لیے ٹویٹر کے نئے فیچرز متعارف کروانے کا اعلان بھی کیا ہے۔یاد رہے کہ اپریل کے آغاز میں ایلون مسک نے ٹویٹر کے3 ارب ڈالرز مالیت کے تقریباً 7 کروڑ 34 شیئرز (9.2فیصد) خریدے تھے جس کے بعد وہ ٹویٹر کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر بن گئے تھے۔