Home قومی خبریں قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام نواں عالمی یومِ یوگ منایا گیا

قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام نواں عالمی یومِ یوگ منایا گیا

by قندیل

نئی دہلی:یوگ ہندوستان کے قدیم فلسفے’واسو دیو کٹمبکم‘کو بڑھاوا دیتا ہے اور یہ پوری دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی منفرد کوشش بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے سری نگر میں عالمی یومِ یوگ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس سے پہلے انھوں نے کونسل کے زیر اہتمام جموں و کشمیر ،لداخ و پنجاب میں چلنے والے اَسی سے زائد کمپیوٹر سینٹرز کے اساتذہ ومقامی لوگوں کو یوگ بھی کروایا۔ انھوں نے کہا کہ یوگ کرنے سے نہ صرف انسان کا جسم صحت مند اور توانا رہتا ہے بلکہ اس کا ذہن و دماغ بھی مضبوط رہتا اور بہتر طریقے سے کام کرتا ہے، اسی وجہ سے ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ یوگ صحت و تندرستی کے ساتھ ہماری درازیِ عمر کا بھی ذریعہ ہے۔شیخ عقیل نے کہا کہ یوگ ایک جسمانی ورزش ہے جس کی شروعات قدیم زمانے میں ہمارے ملک کے رشی منیوں نے کی تھی اور تب سے ہی یہ ہندوستان اور دنیا کے مختلف ملکوں میں مقبول رہی ہے،مگر جب سے نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بنے ہیں تب سے انھوں نے عالمی سطح پر اس کی مقبولیت کو بڑھانے اور پھیلانے میں غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے اور انھی کی وجہ سے ہرسال 21جون کو پوری دنیا میں عالمی یومِ یوگ منایا جاتا ہے ،یہ یقیناً ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ دراصل مودی جی چاہتے ہیں کہ بھارت کے لوگ چست اور تندرست رہیں تاکہ وہ ذاتی ترقی کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی کماحقہ اپنا کردار ادا کرسکیں،کیونکہ جب وہ چست اورتوانا رہیں گے تبھی خود اپنے لیے بھی مفید ثابت ہوں گے اور ملک کے بھی کام آئیں گے، ایک کمزور اور بیمار انسان نہ اپنے کام آسکتا ہے اور نہ اپنے ملک کے کام آسکتا ہے اس لیے ہمیں اپنی جسمانی صحت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور یوگ کو اپنے معمولاتِ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔شیخ عقیل نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ابھی یوگ کا چلن کم ہے مگر آج جس طرح یہاں کے لوگوں نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ آئندہ یوگ کے تئیں لوگوں میں عمومی دلچسپی پیدا ہوگی اور ہماری بھی کوشش ہوگی کہ یہاں عالمی یومِ یوگ کو خوب دھوم دھام سے منایا جائے۔
واضح رہے کہ قومی اردو کونسل کی جانب سے پچھلے تین دنوں سے لگاتار عالمی یومِ یوگ کی مناسبت سے یوگا کا اہتمام کیا جارہا ہے۔چنانچہ 19 جون کو کونسل کے صدر دفتر میں ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے تمام اسٹاف کو یوگا کروایا، اسی طرح20جون کو انڈیا انٹرنیشنل سینٹر نئی دہلی میں ’اے پی جے عبدالکلام کے سماجی و سائنسی افکار‘ کے عنوان سے مسابقہ مضمون نویسی میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کے مابین تقسیم انعامات کا پروگرام منعقد ہوا تھا، اس میں بہ طور مہمان خصوصی آرایس ایس لیڈر ڈاکٹر اندریش کمار نے شرکت کی اور انھوں نے بھی یوگا کی مشقیں کروائی تھیں جبکہ آج سری نگر میں پروفیسر شیخ عقیل احمد نے جموں و کشمیر و لداخ ، پنجاب و ہماچل پردیش کے کمپیوٹر سینٹرز کے اساتذہ مقامی لوگوں کو یوگا کروایا ہے۔ اس موقعے پر قومی اردو کونسل کے ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ اور انتخاب عالم بھی موجود رہے۔

You may also like