نئی دہلی:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پارٹی میں بہت ساری اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ بی جے پی نے پارٹی کے قومی نائب صدر،قومی جنرل سکریٹری ، قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) ، قومی کوآپریٹو جنرل سکریٹری اور قومی ترجمان سمیت متعدد اہم عہدوں میں تبدیلی کرتے ہوئے نئے چہروں کوبھی موقع فراہم کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے تیجسوی سوریہ کوبھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی کمان سونپی ہے۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بی جے پی کے مرکزی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران بہت سارے بڑے لیڈروں کواہم عہدوں سے ہٹا دیا گیاہے اور نئے چہروں کوموقع دیاگیا ہے۔ نئے چہروں میں ، بی جے پی نے تیجسوی سوریہ کو یووا مورچہ کے قومی صدر کی ذمہ داری سونپی ہے۔ تیجسوی سوریہ سے پہلے پونم مہاجن یووا مورچہ کی قومی صدرتھیں۔تیجسوی سوریہ جنوبی بنگلورو لوک سبھاسیٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ تیجسوی سوریہ پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں اور کرناٹک ہائی کورٹ میں بھی وکالت کرتے ہیں۔ اپنے متنازعہ بیانوں کے لیے مشہور تیجسوی سوریہ اس سے قبل بی جے پی یوتھ مورچہ کے ریاستی جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں۔