نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم اگلے سال پاکستان کے دورے پر جا سکتی ہے۔ درحقیقت اگلے سال ایشیا کپ کا انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے اور اس میں بھارتی کرکٹ ٹیم حصہ لے سکتی ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے سالانہ جنرل میٹنگ سے قبل ریاستی ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک خط شیئر کیا ہے، جس میں اگلے سال کے بڑے ایونٹس کو درج کیا گیا ہے۔اس خط میں ایشیا کپ کا نام بھی شامل ہے۔ ایسے میں یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان جانے کے لیے تیار ہے۔ تاہم اس کے لیے ہندوستانی حکومت کی اجازت لینا سب سے اہم ہوگا۔ہندوستان نے آخری بار دو طرفہ سیریز کے لیے 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد وہ آخری بار 2008 میں ایشیا کپ کے لیے پاکستان میں کھیلتے ہوئے نظر آئے تھے۔ ٹیم انڈیا تقریباً 13 سال سے پاکستان نہیں گئی ،لیکن اب ان کے پاکستان جانے کی امید ہے۔بی سی سی آئی حکام اب بھی اس بات کا اعادہ کر رہے ہیں کہ اگر انہیں حکومت سے اجازت مل گئی تو ٹیم انڈیاایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان جائے گی۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایسے میں ان کے لیے پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم کو بھیجنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔