دہلی : طاق و جفت نظام ختم ،آج سے مال اور بازارکی سبھی دوکانیں کھلیں گی

نئی دہلی : ملک کی راجدھانی دہلی میں کرونا کیسز میں کمی اور ا س سے بہتر ہوتی صورتحال کے پیش نظر دہلی حکومت نے لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے پیر کے روز 14 جون سے صبح کے پانج بجے کے بعد سے طاق و جفت کا نظام ختم کرتے ہوئے کچھ سرگرمیوں کو چھوڑ کر ، تمام تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومتی احکامات کے بعدمالز اور بازار میں واقع زیادہ تر دکانیں کچھ شرائط کے ساتھ روزانہ صبح 10 بجے سے شام 8 بجے تک کھلیں گی ۔دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسکول ، کالج ، تعلیمی اداروں ، سماجی ، سیاسی ، کھیلوں ، تفریحی ، ثقافتی ، مذہبی اجتماعات ، سوئمنگ پولز ، اسٹیڈیمز ، اسپورٹس کمپلیکس ، سینما گھر ، تھیٹر ، تفریحی پارکس ، ریستوران ہال آڈیٹوریم ، جم ہاؤس، پبلک پارکس اور گارڈن فی الحال مکمل طور پر بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ دہلی کجریوال نے کہا کہ دہلی میں کرونا کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اور قلیل تعداد میں کرونا متأثرین کے نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کیسز میں اضافہ ہوا، تو دوبارہ پابندیاں نافذ کی جائیں گی۔