تمل ناڈو:پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے سے 7 لوگوں کی موت ، مالک کی بھی گئی جان

چنئی:تمل ناڈو کے کڈالور ضلع میں پٹاخہ کی فیکٹری میں دھماکہ ہونے سے 7 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں فیکٹری کا مالک بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ تمل ناڈو پولیس نے یہ اطلاع دی ہے۔ یہ حادثہ کڈالور ضلع کے کٹومنارکولی میں واقع ایک فیکٹری میں ہوا۔ یہ جگہ دارالحکومت چنئی سے 190 کلومیٹر دور ہے۔ حادثے کے مناظر کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حادثہ کتنا خوفناک ہے۔ دھماکے میں کنکریٹ کا بناڈھانچہ گر گیا اور لوگ ملبے کے قریب روتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ حادثے کا پتہ چلنے کے بعد جائے حادثہ پر ہجوم جمع ہوگیا۔کڈالور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شری ابھینو نے بتایاکہ فیکٹری کے پاس لائسنس ہے۔ تمام لوگ یہاں کام کرنے والے ہیں۔ اس بات کی چھان بین کی جارہی ہے ۔یہ حادثہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب ریاستی حکومت نے صنعتوں کو کورونا وائرس کی وبا میں سو فیصد ملازمین کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیوالی سے پہلے پٹاخہ بنانے کا جو موسم ہوتا ہے وہ گزر چکا ہے۔