سیتامڑھی(عبدالخالق قاسمی): مورخہ 22مئی بروز اتوار بعد نماز مغرب ضلع کے رونی سید پور حلقہ کے رین شنکر گاؤں میں واقع مدرسہ حفصہ للبنات میں یک روزہ تعلیمی بیداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اس پروگرام کے روحِ رواں قاضی عمران صاحب قاسمی شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ قاسمیہ دارالعلوم بالاساتھ سیتامڑھی نے اپنے خطاب کے دوران بچوں میں تعلیمی بیداری لانے پر زور دیا ـ انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کے بچے بچیاں تعلیمی میدان میں پسماندگی کے شکار ہیں بلکہ پورا ہندوستان ہی تعلیمی میدان میں بہت پیچھے ہے، ایسے حالات میں ہم سب کو مل کر کوشش کرنی چاہیے کہ ہمارا ملک ایک ترقی یافتہ ملک بنےـ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لئے اسکول میں بہت ساری سہولیات مہیا کئے ہیں مگر اس کا خاطر خواہ فائدہ لوگوں کو نہیں پہنچ رہا ہے اس کی بڑی وجہ خطیر رقم کا افسران کا ہڑپ کر جانا ہےـ اس موقع پر پروگرام میں موجود مکھیا راما شنکر کا حضرت قاضی صاحب نے مدرسہ حفصہ للبنات رین شنکر کے ناظم مولانا شمس الحق کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر ان کو دعائیں دیں اور کہا کہ ہمارا ملک بہت خوبصورت ہے، ہندو مسلم سکھ عیسائی سب مل کر یہاں رہتے ہیں، یہ یہاں کی تہذیب ہے،ہم آپسی تعاون سے اس ملک کو مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں ـ اس موقع پر انہوں نے چھوٹے چھوٹے معصوم بچے اور بچیوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے اندر تعلیمی شعور نہ ہونے کے سبب ہر سیاسی جماعت انھیں گمراہ کر رہی ہےـ ایسے لوگوں سے ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہےـ قبل ازیں اس پروگرام کا باضابطہ آغاز جامعہ بحرالعلوم بلیا مظفرپور کے استاذ حافظ عبداللہ کی تلاوت سے ہوا، جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نعت پاک کا گلدستہ مشہور شاعر حافظ راشد ضیاء نے پیش کیاـ اس پروگرام کی نظامت مدرسہ شاھین للبنات کے سکریٹری قاری عبدالسمیع نے خوبصورت اسلوب میں انجام دی،اس موقع پر حفصہ للبنات رین شنکر کے طلبا و طالبات نے یکے بعد دیگرے اپنی اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا،جسے دیکھ کر سامعین نے خوب دادو تحسین سے نوازا ـ اس پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا ذاکر قاسمی سابق استاذ مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارہ نے علم کی اہمیت و افادیت اور علما کی فضیلت پر گفتگو کء ـ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے حافظ عبدالسلام ناظم مدرسہ بحرالعلوم بلیا مظفرپور، صحافی عبدالخالق قاسمی مظفرپور، مولانا فیروز عالم معلم مدرسہ حفصہ للبنات رین شنکر،مولانا عمر ندوی کھڑکا،مولانا عبدالحی صاحب پچنور،قاری امتیاز صاحب امام خطیب مدینہ مسجد پچنور،محمد اسلم آزاد وارڈ ممبر رین شنکر اسٹیج پر جلوہ افروز تھےـ صدر محترم کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی ـ آخر میں اس پروگرام کے کنوینر حافظ ظفر امام ناظم مدرسہ شاھین للبنات پچنور سیتامڑھی اور مفتی شمس الحق مہتمم مدرسہ حفصہ للبنات نے آئے ہوئے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیاـ اس پروگرام کی خصوصیت یہ رہی کہ اس میں بلا تفریق مذہب ہندو مسلم سب لوگوں نے شرکت کی اور مجموعی اعتبار سے سب لوگوں نے اس یک روزہ تعلیمی کانفرنس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیاـ