سری نگر(پریس ریلیز): مانو ۔آرٹس اینڈ سائنس کالج،سری نگر تعلیمی سالِ نو کے داخلہ جاتی مہم کے سلسلے کا آخری دورہ اختتام پذیر ہوا ۔مانو جس کے قیام کا اولین مقصد دور دراز کے علاقوں میں خاص کر سماج کے پس ماندہ طبقے کے طلبا وطالبات جو اپنی مالی زبوں حالی کے سبب یا سہولیات کے عدم دستیابی کے باعث اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے سے محروم رہ جاتے ہیں ،ایسے طلبا و طالبات بالخصوص خواتین کی تعلیم کے فروغ میں پیش قدمی ہے، معقول فیس میں انہیں داخلہ دلاکر ایک روشن مثال قائم کرناہے ۔”چلنا ہے چل پڑو نکل آئیں گے راستے ”اس قول کو سچ کر دکھایا ہے ڈاکٹر سیدہ بانو ،اسسٹنٹ پروفیسر مانو ۔آرٹس اینڈ سائنس کالج سری نگر نے ۔جی ہاں بینائی سے محروم اس خاتون نے مانو ۔آرٹس اینڈ سائنس کالج کے تعلیمی سالِ نو کے داخلہ جاتی مہم دورہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور یہ ثابت کر دیا کہ ”اگر ہو عزم مستحکم تو ناکامی نہیں ہوتی ”۔مانو ۔آرٹس اینڈ سائنس کالج کے تعلیمی سالِ نو کے داخلہ جاتی مہم دورہ میں انہوں نے ڈاکٹر شبنم شمشاد کے ہمراہ وادیٔ کشمیر کے گورنمنٹ ڈگری کالج ۔سو پور،گورنمنٹ ڈگری کالج فار وومن ،سوپور،گورنمنٹ ڈگری کالج ،اننت ناگ اورگورنمنٹ ڈگری کالج ،کنگن جیسے دور درازعلاقوں کے کالجز کا دورہ کیا ۔ وہاں کے پرنسپل کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا ،تبادلۂ خیال ہوااور ساتھ ہی ان کالجز کے طلبا و طالبات سے کانفرنس ہال میں پر مغز گفتگوبھی ہوئی ۔ نیز کالجز کے ذمہ داران حضرات نے سوشل میڈیا پراپنے طلبا و طالبات کے گروپ میں ہمارے پوسٹر کو شیئرکرتے ہوئے ہمیں یہ بھروسہ دلایا کہ انشا اللہ آئندہ بھی ان کاتعاون ہمیں حاصل رہے گا ۔ مانو ۔ آرٹس اینڈ سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر غضنفر علی خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارا وژن ایک ایسے پر فضا علمی ماحول کو تخلیق دینا ہے، جس سے معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ سماجی ترقی کو فروغ حاصل ہو ،نیزقومی تعلیمی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم تعلیم کے عصری تقاضوں کو پورا کر سکیں ۔ تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے تعلیمی نظام کے اس دشوار کن مراحل میں ہمیں ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے تعلیمی نظام کو بہتر سے بہتر کرنے کی سمت کوشش کریں ۔طلبا و طالبات جو کہ قوم کے معمار ہوتے ہیں ، ان کے روشن و تابناک مستقبل اور فلاح و بہبود کے لیے کام کریں ۔ موصوف نے مزید کہا کہ ہم آئندہ بھی مانو ۔ آرٹس اینڈ سائنس کالج کی ترقی کے لیے کوشاں رہیں گے ۔
مانو ۔آرٹس اینڈ سائنس کالج،سری نگر کے تعلیمی سالِ نو کا داخلہ جاتی مہم دورہ آج بحسن خوبی اختتام پذیر
previous post