تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کا انتقال

راولپنڈی:پاکستان کے مشہور عالم اور تحریک لبیک کے سربراہ آج انتقال کرگئے۔’انڈیپنڈنٹ اردو‘پر شائع شدہ خبر کے مطابق ٹی ایل پی کے مرکزی سینیئر رہنما پیر اعجاز اشرفی نے مولانا خادم رضوی کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نمونیہ کی وجہ سے بیمار تھے اور طبیعت کی خرابی کے باوجود گذشتہ دنوں ناموس رسالت ریلی میں شریک ہوئے۔گذشتہ اتوار کو ٹی ایل پی کے سینکڑوں کارکنان نے خادم رضوی کی قیادت میں فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف لیاقت باغ راولپنڈی میں دھرنا دیا تھا، جن کا مطالبہ تھا کہ فرانس کے سفیر کو پاکستان سے نکالا جائے۔اس موقع پر خادم رضوی کے بارے میں افواہیں سامنے آرہی تھیں کہ انہیں دھرنے سے گرفتار کر لیا گیا، تاہم تحریک لبیک پاکستان کے ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی تھی کہ مولانا خادم حسین رضوی عرف ‘بابا جی’ راولپنڈی میں ہی کسی نامعلوم مقام پر موجود ہیں، جس کے بارے میں وہ خود بھی نہیں جانتے۔
مولانا خادم رضوی کی وفات کی خبر ملتے ہی سیاست دانوں اور دیگر افراد کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے خادم حسین رضوی کے انتقال پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں تعزیت کی ہے۔سماجی کارکن ماروی سرمد نے ٹوئٹر پر لکھا: ‘اللہ مغفرت فرمائے۔’
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بھی خادم رضوی کی وفات پر تعزیت کی۔دیگر افراد نے بھی خادم رضوی کی وفات پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*