نئی دہلی:کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے بند ہوئی اولا کیب کی خدمات اب شروع ہو گئی ہیں۔فی الحال اولا نے ملک کے 160 سے زیادہ شہروں میں اپنی کیب سروس شروع کی ہے۔اولا نے کہا ہے کہ محفوظ اور خوشگوار سفر کے تجربے کے لئے اب وہ پہلے سے زیادہ حفاظتی معیار پر عمل کر رہا ہے۔پیر سے ملک میں لاک ڈاؤن 4 کا آغاز ہو گیا ہے۔اس دوران کئی ریاستی حکومتوں نے نجی کیب اور ٹیکسی کی خدمات کو چلانے کی اجازت دی ہے۔دہلی میں سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کرتے ہوئے بسوں میں 20، گاڑی میں 2، ای رکشہ، آٹو رکشہ میں ایک اور ٹیکسی اور کیب میں دو سواریوں کے بیٹھنے کی اجازت ہے۔اولا نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اس کے پلیٹ فارم پرتین اور چارپہیہ گاڑیوں کی سروس دستیاب ہے۔اولا ایپ کے ذریعے ان گاڑیوں کی بکنگ کی جا سکتی ہے۔اولا نے کہا ہے کہ وہ سیکورٹی کے اعلی معیار پر عمل کرے گا۔اولا کے مطابق دہلی، ہریانہ، چنڈی گڑھ، پنجاب، آندھرا پردیش، کرناٹک، تلنگانہ، کیرل، آسام اور تمل ناڈو (چنئی کے علاوہ) میں اپنی خدمات شروع کرنے جا رہا ہے۔اولا کے مطابق ہندوستان میں 160 سے زیادہ شہروں میں وہ اپنی خدمات دے گا۔کیب سروس مہیاکرانے والی کمپنی اولا کا خیال ہے کہ اس سے اس کے لاکھوں ڈرائیوروں کو روزگار ملے گا۔بتا دیں کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں 25 مارچ سے ہی نقل و حمل کے تمام ذرائع بند پڑے ہیں،ان میں اولا کیب بھی شامل ہے۔
Tag: