نئی دہلی:ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) ایم پی اور اداکارہ نصرت جہاں نے ریلوے وزیر پیوش گوئل پر جوابی حملہ کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ٹویٹر پر معاملہ اٹھانے سے بہتر ہوتا کہ آپ اپنی کوتاہیوں پر بھی بات کرتے۔بطور وزیر ریل لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد آپ کی طرف سے ایکشن لینے میں کمی ہوئی، کاش کہ آپ نے حساسیت کاثبوت دیتے ہوئے کوئی اچھا فیصلہ لیا ہوتا۔اس سے پہلے مرکزی وزیر ریل پیوش گوئل نے جمعرات کو مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی تک مغربی بنگال حکومت نے اپنے گزشتہ ہفتے کے اعلان کے مطابق 8 ٹرینوں کو بھی چلانے کی اجازت نہیں دی ہے۔پیوش گوئل نے کہا کہ میں مغربی بنگال حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ کوروناوبا کے اس بحران سے نکالنے میں ہمارے مزدور بھائیوں کے مفادات کے بارے میں کچھ سوچیں اور ان کو گھر پہنچانے کے لئے جلد سے جلد ورکرز اسپیشل ٹرینوں کو چلانے کی اجازت دیں۔پیوش گوئل نے ممتا حکومت پر حملہ بولتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ مغربی بنگال اب 105 ٹرینیں روزانہ چلانے کی ضرورت ہے۔
Tag: