نئی دہلی: ترسیل فاؤنڈیشن رجسٹرڈ،دہلی کے زیرسرپرستی ادبی تنظیم ”مشیرِسخن“ کے زیر اہتمام اوٹاوا (کنیڈا) میں مقیم مشہور شاعر و دانشور ڈاکٹر شاہد صدیقی کی چوتھی کتاب ”ہماری زندگی اسلام کی روشنی میں۔رمضان“ کا رسمِ اجرا و کل ہند مشاعرہ و کوی سمّیلن کا انعقادغالب اکیڈمی، بستی حضرت نظام الدین میں عمل میں آیا۔ اس موقع پرمشیرِسخن کے صدر جناب شاہدؔانور نے ایک پرتکلف و باوقار مشاعرہ کا اہتمام کیا جس کی صدارت مشہور صحافی، ادیب و شاعر جناب فاروق ارگلی نے فرمائی۔ مہمانِ خصوصی کے طور سپریم کورٹ کے وکیل جناب منوج گوئل صاحب،جناب صہیب فاروقی صاحب اور مہمانانِ ذی وقار کی حیثیت سے جناب خالد فریدی، جناب محمد ہارون حسینی اورجناب عزیرحسین قدوسی نے شرکت کی۔کتاب کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب ہارون حسینی صاحب نے فرمایا کہ اس کتاب کی اہمیت کو تنقیدی نگاہ سے دیکھنے کی بجائے تحسین کی نظر سے دیکھنا چاہیے۔ فاروق ارگلی صاحب نے فرمایا کہ اس کتاب کی روحانی حیثیت سے ہم سب کو فیض یاب ہونا چاہیے۔ منوج گوئل صاحب نے فرمایا کہ ڈاکٹر شاہد صدیقی ایک پرکشش شخصیت کے مالک ہیں اوریہ تصوف کا سلسلہ انھیں اپنے والد سے ملا جسے وہ ہم تک پہنچارہے ہیں۔