کولکاتہ:مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام مذہبی مقامات یکم جون سے کھولے جائیں گے۔ تاہم ، ایک وقت میں صرف 10 افراد کو وہاں جانے کی اجازت ہوگی۔ اہم بات یہ ہے کہ لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ 31 مئی کوختم ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ چائے اور جوٹ کی صنعتیں بھی یکم جون سے 100 فیصدملازمین کے ساتھ کھلیں گی۔ تمام سرکاری اور نجی دفاتر بھی پوری صلاحیت کے ساتھ کھلیں گے۔اپنی ریاست میں اسپیشل ٹرینوں کی مخالفت کرنے والی ممتا بنرجی نے کہاہے کہ مغربی بنگال نے گذشتہ دو ماہ میں کورونا کے پھیلاؤپر قابو پالیا ہے۔ اب معاملات بڑھتے جارہے ہیں کیونکہ لوگ باہر سے آرہے ہیں۔کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لیے 25 مارچ سے نافذ ہونے والے پہلے لاک ڈاؤن کے بعدسے ملک بھر میں مذہبی مقامات بند ہیں۔ اس کے بعد لاک ڈاؤن کو مزید تین مراحل کے لیے بڑھایاگیااوران مذہبی مقامات پرپابندی بدستور جاری ہے۔ بتادیں کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے لاک ڈاؤن کے بارے میں تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے۔ لاک ڈاؤن 4۔ 31 مئی کو ختم ہورہا ہے اور اس سے قبل وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں وزرائے اعلیٰ سے مشورہ کیا۔ اس دوران آگے کی حکمت عملی کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے 25 مارچ کو پہلے ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اور اس کے بعد اس میں تین بار توسیع کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدارنے کہاہے کہ وزیرداخلہ نے تمام وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور وہ 31 مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کے بارے میں ان کے خیالات کوجاننے کی کوشش کی ہے۔اس سے پہلے وزیراعظم مودی نے وزرائے اعلیٰ سے میٹنگیں کی تھیں لیکن ہربارریاستیں اپنے بقایااوراسپیشل پیکیج کامطالبہ کررہی ہیں تواس باروزیرداخلہ نے لاک ڈائون پران سے گفتگوکی ہے۔
Tag: