پٹنہ:بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے دوران ،لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چراغ پاسوان نے پارٹی کارکنوں کو ایک خط لکھا ہے۔ خط میں پارٹی کے بانی اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی صحت کا ذکر ہے۔ خط کے مطابق رام ولاس پاسوان آئی سی یو میں داخل ہیں اور وہ بیماری سے لڑ رہے ہیں۔ چراغ پاسوان نے خط میں کہا کہ آج جب انہیں میری ضرورت ہے تو مجھے ان کے ساتھ رہنا چاہیے ورنہ میں خود کو معاف نہیں کروں گا۔ واضح رہے کہ ان دنوں سیٹ شیئرنگ کو لے کر این ڈی اے میں خلفشار ہے۔ اس وقت چراغ پاسوان دہلی میں ہیں۔چراغ پاسوان نے یہ خط پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو 20 ستمبر کو جاری کیا ۔ خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ کورونا بحران میں لوگوں کو راشن لینے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اس وجہ سے پاپا (رام ولاس پاسوان) اپنے ہیلتھ روٹین چک اپ کو ملتوی کرتے رہے، جس کی وجہ سے وہ تھوڑا بیمار ہوگئے۔ وہ گزشتہ تین ہفتوں سے دہلی میں زیرعلاج ہیں۔ میں پاپا کو ہر روز اسپتال میں بیماری سے لڑتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ پاپا نے مجھے متعدد بار پٹنہ جانے کا مشورہ بھی دیا لیکن بیٹے کی حیثیت سے میرے لیے ان کو چھوڑنا ممکن نہیں۔ آج جب انہیں میری ضرورت ہے تو مجھے ان کے ساتھ ہی رہنا ہوگا،ورنہ میں کبھی بھی اپنے آپ کو معاف نہیں کروں گا۔چراغ پاسوان نے کہا کہ پارٹی کے قومی صدر کی حیثیت سے میں ان ساتھیوں کے بارے میں بھی فکرمند ہوں جنہوں نے اپنی زندگی کوبہار فرسٹ بہاری فرسٹ کووقف کردیا ہے۔ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ابھی تک حلیف پارٹیوں کے ساتھ بہار کے مستقبل کے بارے میں اور نہ سیٹ تقسیم کے بارے میں کوئی بات ہوئی ہے ۔
Tag: